ملک بے پناہ قدرتی وسائل اور ذخائر سے مالا مال ہے لیکن حکومت اپنی نا اہلیت کے باعث اسکے استعمال سے قاصر ہے، جماعة السنہ پاکستان

منگل 10 مارچ 2015 22:57

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) جماعة السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں سید عامر نجیب ، مولانا نعمان اصغر ، شرافت حسین اثری ، حسن طارق سلفی ، محمد عرفان شیخ نے کہا ہے کہ ملک بے پناہ قدرتی وسائل اور ذخائر سے مالا مال ہے لیکن حکومت اپنی نا اہلیت کے باعث اسکے استعمال سے قاصر ہے ۔

کوئلے ، تانبے ، لوہے سمیت قیمتی معدنیات کے بڑے ذخائر ہونے کے باوجود انکا استعمال میں نہ آنا کسی المیے سے کم نہیں ۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اپنے تمام تر ذرائع اور وسائل بروئے کار لاکر کوئلہ ، تانبہ اور لوہے کے بڑے ذخائر کو قابل استعمال بنائے تاکہ ملکی ضروریات پوری ہوں اور اضافی معدنیات کی فروخت سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جماعة السنہ پاکستان کے رہنماؤں نے گذشتہ روز اسلام نگر اورنگی ٹاؤن میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ غفلت کا شکار نا اہل حکمرانی کے باوجود قدرت کی مہربانیا ں وطن عزیز پر اللہ کا خاص فضل و کرم ہے ۔ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جسکی سرزمین ہر قسم کے موسموں ، پھلوں اور پھولوں وغیرہ کی حامل ہے قدرت کی فیاضیوں سے مزین ملک آج جس غربت اور مفلسی کا شکار ہے اسکا واحد سبب بدترین حکمرانی ہے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے عوام کو باشعور بننا ہوگا اور ظالم ، جابر اور سفاک حاکموں سے نجات حاصل کرنی ہوگی ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد اسکے چئیرمین کے انتخاب میں ملک میں جو کرپشن ظاہر ہوئی ہے اس نے موجودہ جمہوری نظام پر عوام کے اعتماد کو بُری طرح مجروح کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :