موجودہ حکومت مجموعی قومی مفاد کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے ساتھ گاؤں دیہات کی سطح پر عوام کو درپیش سڑکوں ، بجلی اور پانی کے مسائل بھی حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں،سردار محمد یعقوب خان

منگل 10 مارچ 2015 22:33

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مجموعی قومی مفاد کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے ساتھ گاؤں دیہات کی سطح پر عوام کو درپیش سڑکوں ، بجلی اور پانی کے مسائل بھی حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کرنے والے یونین کونسل بنجونسہ سے پیپلز پارٹی کے صدر عبدالحسین اور پی پی پی کے مرکزی کارکن سردار شبیر کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صدر سردار محمد یعقوب کان نے کہا کہ یونین کونسل میں مکمل ہونے والے سڑکوں کے منصوبوں کا جلد وزیر سماجی بہبود فرزانہ یعقوب افتتاح کریں گی ۔ اور پختہ سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وفد نے یونین کونسل میں درپیش برقیات ، مواصلات سے متعلقہ مسائل سے صدر آزاد کشمیر کو آگاہ کیا ۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ بنجونسہ کے عوام کو پینے کے پانی کا مسئلہ ہے ۔ وہاں ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے ، انشاء اللہ اسے منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بنجونسہ ٹاؤن کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی زیر کار ہے ۔ بنجونسہ ڈگری کالج اس سال بنا دیا جائے گا۔ صدر سردار یعقوب خان نے یقین دلایا کہ عوام مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔