پاکستان سے کینو کی برآمد 3لاکھ ٹن تک پہنچنے کا امکان

منگل 10 مارچ 2015 21:52

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) پاکستان سے کینو کی برآمد 3لاکھ ٹن تک پہنچنے کی امید ہے، دسمبر سے اب تک مجموعی برآمدات کا40فیصد کینو روس بھیجا گیا۔آل پاکستان فروٹ اینڈویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ وحید احمد کے مطابق اس سال روس کی مارکیٹ کو بڑے پیمانے پر پاکستانی کینو برآمد کیا گیا، اب تک پاکستان کو2لاکھ 40ہزار ٹن کینو کی ایکسپورٹ سے 16کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوچکا ہے، اس سال ایکسپورٹ 3 لاکھ ٹن سے بھی زائد رہے گی جس سے مجموعی طور پر 20کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیگر پھل اور سبزیوں کی طرح ترش پھلوں کے شعبے میں بھی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی شدید ضرورت ہے جس کے ذریعے پاکستانی ترش پھلوں میں بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت بڑھاتے ہوئے نئی ورائٹیز تیار کی جاسکتی ہیں اور ترش پھلوں کی ایکسپورٹ کو باآسانی 1ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایسوسی ایشن قومی سطح پر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے رجحان کو فروغ دینے کی مہم پر کام کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایف وی اے نے آم کی طرح کینو کیلیے بھی ایکسپورٹ ایوارڈ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کینو کی ایکسپورٹ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایکسپورٹ کمپنیوں کیلیے ایوارڈ کی تقریب سرگودھا میں منعقد ہوگی جس میں صدر مملکت یا وزیراعظم کو مدعو کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :