دشمن ہمیں فروعی مسائل میں الجھاکر ہماری صفوں میں پھوٹ ڈالنا چاہتا ہے،شفیق الرحمن

منگل 10 مارچ 2015 20:36

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء ) جماعة الدعوة اسلام آباد کے امیر شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ دشمن ہمیں فروعی مسائل میں الجھاکر ہماری صفوں میں پھوٹ ڈالنا چاہتا ہے، قومیت اور لسانیت کی بنیاد پر قوم کو تقسیم کرنے والے دشمنوں کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں ،فتنہ تکفیر نے ہمیشہ مسلمانوں کو نقصان سے دوچار کیا ہے۔ پاکستان میں قتل عام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

مسلمان حکمرانوں کو گمراہی کی بنا پر دائرہ اسلام سے خارج کرنا خارجیت ہے۔ ہم مسلم امہ کو فرقوں میں بٹنے نہیں دیں گے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں شفیق الرحمن نے کہا کہ کہ فرقہ واریت نے امت کے وجود کو پارہ پارہ کر کے رکھ دیا ہے۔ کفر کے فتووں اورقتل و غارت گری سے انتشار پھیل رہا ہے۔امت مسلمہ کا وجود مستحکم کرنے کیلئے فرقہ واریت سے جان چھڑانا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

کسی مسلمان کیلئے دوسرے مسلمان کا قتل جائز نہیں۔قرآن و سنت پر عمل کئے بغیر گمراہیوں کے یہ سلسلے ختم نہیں ہوں گے۔ علماء کرام قوم کی رہنمائی اور بیرونی قوتوں کی سازشوں کے توڑ کا فریضہ سرانجام دیں انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ایمان کا حصہ ہے، جس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ فرانس میں چالیس سربراہان مملکت جمع ہوسکتے ہیں، تو مسلم حکمران حرمت رسول کے لیے مضبوط کردار ادا کیوں نہیں کرسکتے۔ اگر یورپ چارلی پیدا کریں گے تو مسلمان مائیں غازی علم دین پیدا کریں گی۔ اتحاد امت اور تحفظ حرمت رسول لازم و ملزوم ہے۔ حرمت رسول واحد مسئلہ ہے، جس پر پوری امت کو متحد کیا جاسکتا ہے۔ دہشت گردی کو مدارس اور دینی طبقے سے جوڑنا ناقابل برداشت ہے۔