حکومت صوبے سے بدعنوانی کے خاتمے اور میرٹ کی بحالی کے ساتھ ترقیاتی و تعمیر اتی منصوبہ جات پر بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،ضیاء اللہ آفریدی

منگل 10 مارچ 2015 19:09

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کوآرڈینیٹر و فوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت صوبے سے بدعنوانی کے خاتمے اور میرٹ کی بحالی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی و تعمیر اتی منصوبہ جات پر بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے جن کی تکمیل سے عوام خاطر خواہ تبدیلی محسوس کریں گے ۔

ترقی یافتہ خیبر پختونخوا تحریک انصاف کا بنیادی ہدف ہے جس کے حصول کے لئے وہ تمام درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے حاضرین کے مسائل بھی سنے اور اُن کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ضیاء اللہ آفریدی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوامی اُمنگوں کی ترجمان تحریک انصاف اپنے تبدیلی کے مشن پر کامیابی کے ساتھ گامزن ہے ۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ پشاور میں جاری میگا پراجیکٹس اور دیگر تعمیراتی کاموں سے وقتی طور پر عوام کو قدر ے مشکلات کا سامنا ہے تاہم اُن کی تکمیل سے پشاور شہر کی کھوئی ہوئی رونقیں پھر سے لوٹ آئیں گی ۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ اگر ماضی میں اس طرف مناسب توجہ دی گئی ہوتی تو آج عوام کو ان مشکلات کا سامنا نہ ہوتا یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے بلاتاخیر تعمیر اتی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پشاور شہر میں عرصہ دراز سے موجود تجاوازت کے خلاف وسیع پیمانے پر کاروائی کی جارہی ہے جسے پشاور کے دوسرے علاقوں تک وسعت دی جائے گی تاکہ اس سلسلے میں عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔