جامعہ کراچی: کلیہ انصرام وانتظامی امور کے بورڈ کے اجلاس میں میگاسٹیز مینجمنٹ میں تخصیص کے لئے ایک کورس کی منظوری

منگل 10 مارچ 2015 18:38

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) جامعہ کراچی کے کلیہ انصرام وانتظامی امور کے بورڈ کے اجلاس میں میگاسٹیز مینجمنٹ میں تخصیص کے لئے ایک کورس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد رئیس کلیہ انصرام وانتظامی امور پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان بھر کی کسی بھی سرکاری جامعہ میں شروع کرایاجانے والا اپنی نوعیت کا یہ اولین کورس ہوگا جس کی تدریس جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے تحت کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس کورس کا مقصد بڑے شہروں کے مسائل ،ان کے مستقبل اور دنیا کے بڑے شہروں کے مابین موازنے سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنا ہے۔پاکستان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لئے بالخصوص ایسے کورس کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ اہم مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے ممکنہ حل کے لئے قابل عمل تجاویز دی جاسکیں گی جس سے شہریوں کو براہ راست استفادہ حاصل ہوگا۔اس ضمن میں انہوں نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی خصوصی رہنمائی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے علمی اقدامات سے دورحاضر کے شہری مسائل سے نبردآزما ہونے میں اکیڈیمیا کی جانب سے خصوصی مددحاصل ہوگی اور لوکل گورنمنٹ کے لئے خصوصی رہنمائی ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :