جنگلات ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں،محمودخان

منگل 10 مارچ 2015 16:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ جنگلات ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس لئے ہم سب کا قومی فریضہ بنتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ رقبے پر پودے لگائے جائیں ۔یہ بات اُنہوں نے مٹہ سوات میں موسم بہار شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران ،ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ پی ٹی آئی تحصیل مٹہ کے صدر ثمر خان بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے مٹہ گراؤنڈ میں دیودار کا پودا لگا کر ضلع سوات میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگلات ایک قومی آثاثہ ہیں اور اسکی حفاظت کرنا محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چےئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے موسم بہارکی شجر کاری مہم میں کروڑوں کی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے ۔ اُنہوں نے اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں سے کہا کہ وہ جنت نظیر وادی سوات میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور ٹمبر سمگلروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں ۔اُنہوں نے اس موقع پر ضلع سوات کے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ پہاڑوں اور خالی میدانی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔