آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،مولانا محمد عون نقوی

منگل 10 مارچ 2015 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے تحت مختلف مکاتب فکر کے علماء و ذاکرین کا اہم اجلاس رضویہ سوسائٹی میں مولانا عون نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا جس سے خطاب کے دوران مولانا عون نقوی نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہایا اور آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ وہ سندھ ،پنجاب اور دیگراضلاع میں بھی دہشت گردوں کا قلع قمع کریں،آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،کیونکہ جنرل راحیل شریف جس ہمت اور جرأت اور جوانمردی سے دہشت گردی کا قلع قمع کررہے ہیں اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ،انہوں نے جنرل راحیل شریف کو تمغہ استنبول حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جنرل صاحب دیگر تمام جنرلوں میں منفرد مقام رکھتے ہیں ،انہوں نے ملک کی بقاء کیلئے احسن اقدامات کئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا اکرام حسین ترمذی ،مولانا غلام عباس ،مولانا علی عباس مشہدی ،علامہ خلیل احمد کمیلی ،علامہ جعفر رضا،مولانا علی محمد مطاہری ،مولانا غلام علی عارفی،علامہ شبیر احمد ،علامہ رجب علی بنگش ،مولانا مہدی سرباز،علامہ آل محمد رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ وہ آپریشن کے دائرے کو وسیع کریں اور سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے،فوجی عدالتوں کے ذریعے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے بعد ازاں ملک کی سلامتی اور استحکام اور افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :