سپریم کورٹ نے راحیلہ مگسی کی درخواست پر نرگس فیض ملک اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دئیے

منگل 10 مارچ 2015 16:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی راحیلہ مگسی کی جانب سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر پیپلزپارٹی کی امیدوار نرگس فیض ملک اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے کل بدھ تک جواب طلب کرلیا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کے روز راحیلہ مگسی کی درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران راحیلہ کی جانب سے افتخار گیلانی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی لیکن ان کی کامیانی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک لیا ہے۔ انہوں نے 205 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ ان کی مخالف فریق کی درخواست پر ایسا کیا گیا تھا۔ براہ مہربانی ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں جس پر عدالت نے نرگس فیض ملک اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 24 گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا۔