وفاقی حکومت کا اسلحہ کے درآمد ی عمل میں بے ضابطگیوں اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے نیا میکانزم متعارف کرنے کا فیصلہ

منگل 10 مارچ 2015 13:11

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء ) وفاقی حکومت نے اسلحہ کے درآمد ی عمل میں بے ضابطگیوں اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے نیا میکانزم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی ) کیساتھ درآمدی اسلحہ کی تعداد کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت اسلحہ کی درآمد کیلئے پرانا میکانزم ختم کرکے نیا میکانزم متعارف کرنے والی ہے تاکہ اسلحہ کی درآمدی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسلحہ درآمد کنندگان کی طرف سے جعلی ایل سیز اور مالیت(ویلیو) کی بنیادپر اسلحہ درآمد کرنے کا ہمیشہ غلط استعمال کیا گیاہے اور وزارت تجارت کے بعض افسروں کی مبینہ ملی بھگت سے جعلی این او سی جاری ہوتے رہے ہیں تاہم نئے میکانزم متعارف کرنے سے اب اسلحہ کی درآمد میں بے ضابطگیوں اور خامیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ذرائع کے مطابق سابق دورحکومت میں اسلحہ ڈیلروں کو درآمد کیلئے بنک کی ایل سی کھولنا لازمی تھا جبکہ موجودہ حکومت نے سابق حکومت کے طے کردہ معیار کو ختم کرکے ایل سی کے ساتھ درآمدی اسلحہ کی تعداد کو بھی لازمی قرار دیا ہے جس سے درآمدی اسلحہ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو کنٹرول کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :