بلدیاتی انتخابات، سندھ اور پنجاب میں کاغذات نامزدگی کی وصولی 30 جولائی سے 3 اگست تک کی جائے گی،الیکشن کمیشن

منگل 10 مارچ 2015 13:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ‘ پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات بارے حتمی شیڈول کے حوالے سے بتایا کہ سندھ اور پنجاب میں کاغذات نامزدگی کی وصولی 30 جولائی سے 3 اگست 2015ء تک کی جائے گی جبکہ اسلام آباد میں 8 جون سے 13 جون تک امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو جمع کروائے گئے جواب میں الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اسلام آباد میں کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 15 سے 20 جون تک‘ اپیلوں کی سماعت 24 جون‘ ٹربیونلز 30 جون‘ کاغذات نامزدگی کی واپسی اور حتمی فہرست برائے امیدواران 7 جولائی 2015ء کو جاری کی جائے گی اور پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔

سندھ اور پنجاب میں ریٹرننگ افسران کا تقرر 29 جولائی 2015ء کو کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی کی چھان بین 5 اگست سے 10 اگست تک‘ اپیلوں پر سماعت 15 اگست‘ الیکشن ٹربیونلز سے رجوع اور حتمی فیصلے 21 اگست‘ کاغذات نامزدگی کی واپسی 23 اگست جبکہ حتمی امیدواروں کی فہرست 24 اگست کو آویزاں کی جائے گی اور 20 ستمبر کو پولنگ ڈے قرار دیا گیا ہے۔ کے پی کے میں 30 مئی اور کنٹونمنٹ بورڈز میں 25 اپریل کو پولنگ ہوگی۔