Live Updates

ملک کی ترقی اور امن کے دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، شہباز شریف،

دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑی جائے گی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کاصفایا کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،حکومت دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

پیر 9 مارچ 2015 00:18

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملک کی ترقی اور امن کے دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کر رہی ہے اور ضروری قوانین میں ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کا متفقہ فیصلہ ہے اور اس عفریت کو مکمل طو رپر کچلنے کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑی جائے گی۔

(جاری ہے)

دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ اجتماعی بصیرت اور مشترکہ کاوشوں سے امن دشمنوں کا صفایا کیا جائے گا۔ بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے سفاک درندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔

اگلے 3 برس کے دوران بجلی پیدا کرنے کے کئی کارخانے کام کر رہے ہوں گے۔ وہ آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، حاجی خالد سعید، عبدالرؤف مغل، عارف محمود گل اور ثوبیہ انور ستی شامل تھیں۔ اس موقع پر ایم پی اے منشاء اللہ بٹ، سابق ایم این اے سعود مجید اور کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی بھی موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :