چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب موخر ہونے کا امکان ، نئے شیڈول پر غور

پیر 9 مارچ 2015 00:13

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب موخر ہونے کا امکان ، نئے شیڈول ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب موخر ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے اسبارے اہم اعلان حکومت کسی بھی وقت کرسکتی ہے ، چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کا نیا شیڈول آنے کا امکان ، حکومت نے نئے شیڈول لانے پر غور شروع کردیا ہے ۔ آن لائن کو وزارت پارلیمانی امور ذرائع نے بتایا کہ حکومت چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کیلئے نیا شیڈول لانے پر غور کررہی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ منگل کی شام تک نیا شیڈول کااعلان کیا جاسکتا ہے ۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت نے فاٹا انتخابات کو چیئرمین کے انتخاب سے پہلے کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے وزارت پارلیمانی امور پر اہم کام جاری ہے حکومت فاٹا سے چار سینیٹرز کے انتخاب بارے گومگو کی صورت حال سے دو چار ہے اور سوچ رہی ہے کہ چار سینیٹرز کا انتخاب سابقہ طریقہ کار کے تحت کرایا جائے یا کوئی نیا آرڈیننس لایا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ چار سینیٹرز کے انتخاب تک چئرمین سینٹ کے انتخاب کا معاملہ التواء میں ڈالا جاسکتا ہے ۔ وزارت پارلیمانی امور میں اس مقصد کے لیے سمریاں تیار ہیں جو منگل کے روز وزیراعظم کی سیاسی رہنماؤں سے ہونے والی مشاورت کے نتیجہ پر صدر کو بھیجی جاسکتی ہیں ۔ وزیراعظم نے ممبران ایوان بالا کے اپنے حق میں کرلئے تو موجودہ شیڈول کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوں گے جو 12مارچ ہے اور اگر حکومت اکثریت حاصل نہ کرسکی تو نیا شیڈول بھی آسکتا ہے اور اس کا بہانہ فاٹا سے چار سینیٹرز کا انتخاب بنایا جاسکتا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ انتخاب سے متعلق اہم مقدمہ بھی سن رہی ہے آن لائن نے اس حوالے سے جب وزیر پارلیمانی امور سے رابطہ کیا تو انہوں نے جواب دینے سے معذرت کرلی ۔