پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجر بہ،

میزائل 2750کلو میٹر تک جوہری اور روایتی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ،صدر اور وزیراعظم کی سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد

پیر 9 مارچ 2015 23:50

راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 2750کلو میٹر تک جوہری اور روایتی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے میزائل کے تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین تھری میزائل کے تجربے کا مقصد زیادہ سے زیادہ رینج کے اس سسٹم کے ڈیزائن اور فنی پیرا میٹرز کا جائزہ لینا تھا ۔

بحیرہ عرب میں اس کامیاب تجربے کے موقع پر سٹرٹیجک پلانز ڈویژن ، سٹرٹیجک فورسز کے اعلیٰ افسران سمیت عسکری اداروں کے سائنسدان اور انجینئر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات نے تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی عسکری قیادت کی مضبوطی کے حوالے سے اسے ایک اہم اور بڑا قدم قرار دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سائنسدانوں کی فنی مہارت ، عزم اور جدوجہد کو بھی سراہا جس کے نتیجے میں یہ تجربہ کامیاب ہوا ۔ انہوں نے سٹرٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور سٹرٹیجک فورسز کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی جارحیت کیخلاف مادر وطن کی سکیورٹی کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ صدر اور وزیراعظم نے بھی گرم جوشی سے اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سائنسدانوں اور انجینئروں کی صلاحیتوں کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :