سابقہ حکومت کے منصوبے آنیوالی حکومت مکمل کرے تو یہ ملکی مفاد میں ہے، اس سے اقتصادی ترقی کی مزید راہیں ہموار ہوں گی ، یوسف رضا گیلانی

پیر 9 مارچ 2015 23:47

ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر سابقہ حکومت کے منصوبے آنے والی حکومت مکمل کرے تو یہ ملک کے مفاد میں ہے اور اس سے اقتصادی ترقی کی مزید راہیں ہموار ہوں گی ۔ ملتان انٹرنیشنل ائرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملتان انٹرنیشنل ائرپورٹ کی افتتاحی تقریب میں انہیں مدعو کرنا ایک اچھی روایت ہے یقیناً اگر کوئی حکومت منصوبہ شروع کرے اور آنے والی حکومت اس منصوبے کو مکمل کرے تو اس سے اس منصوبے کے اخراجات میں اضافہ نہیں ہوگا اور ملک کا بھی نقصان نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ مجھے خوبصورت ائرپورٹ کے منصوبے کی تکمیل ہوتے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ان کی پالیسی میں اتفاق رائے اور یکسانیت ہونی چاہیے یہ ملک کے مفاد میں ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے کہا تھا کہ ملتان فیصل آباد موٹروے اور کینسر ہسپتال جس کا میں نے سنگ بنیاد رکھا اور 30کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے ان منصوبوں کو بھی مکمل کیاجائے جس پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آج ان منصوبوں کی تکمیل کے احکامات جاری کرینگے اور وزیراعظم نے ملتان فیصل آباد موٹروے کا اپنے خطاب میں خصوصاً ذکر بھی کیا ہے ایک او رسوال کے جواب میں سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ انشاء اللہ میرے دور میں شروع کئے گئے تمام منصوبے جلد از جلد مکمل ہوں گے

متعلقہ عنوان :