کراچی،حالیہ انتخابات میں ایوان بالا کیلئے مختلف جماعتوں سے تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی سینیٹر منتخب ہوئیں،

اپنی 6 سالہ مدت پوری کرکے سبکدوش ہو نے والے کئی سینیٹرز کا تعلق بھی تجارتی وصنعتی شعبے سے تھا

پیر 9 مارچ 2015 22:59

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) حالیہ انتخابات میں ایوان بالا کیلئے مختلف جماعتوں سے تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی سینیٹر منتخب ہوئی ہیں جبکہ اپنی 6 سالہ مدت پوری کرکے سبکدوش ہو نے والے کئی سینیٹرز کا تعلق بھی تجارتی وصنعتی شعبے سے تھا۔تفصیلات کے مطابق ایوان بالا کے حالیہ انتخابات میں ملک بھر سے منتخب ہونے والے کئی سینیٹرز کا تعلق تجارتی وصنعتی شعبے سے ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا تعلق ایک کاروباری گھرانے مانڈوی والا سے ہے اور وہ لسبیلہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی رہ چکے ہیں ۔محسن عزیز تحریک انصاف کے کوٹے پر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں،وہ خیبرپختونخواہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے میاں عتیق کومتحدہ قومی موومنٹ نے سینیٹر منتخب کرایا ہے اورانکا تعلق بھی اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی سے ہے۔

مسلم لیگ(ن) سے منتخب لیفٹنٹ جنرل(ر)عبدالقیوم پاکستان اسٹیل کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹرا سلام الدین شیخ سکھر کے تاجر رہ چکے ہیں اور وہ شوگر اور گھی مل کے مالک بھی رہ چکے ہیں۔اسی طرح خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہونے والے نعمان وزیر بھی شعبہ تجارت سے تعلق رکھتے ہیں۔ بلوچستان سے مسلم لیگ (ن )کی جانب سے منتخب سینیٹر کلثوم پروین ویمن انٹرپرینورہیں اور وہ دوبارہ سینیٹر منتخب ہوئی ہیں ۔

6سال کی مدت پوری کرکے سینیٹ سے رخصت ہونے والے عبدالحسیب خان ملک کے معروف صنعتکار اور کاٹی کے سابق چیئرمین وکائٹ لمٹیڈ کے سابق سی ای او ہیں،وہ متحدہ قومی موومنٹ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اسی طرح سبکدوش ہونے والے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما سینیٹرحاجی غلام علی فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ہیں۔

متعلقہ عنوان :