پاکستان کینو کی برآمد کیلئے تین لاکھ ٹن کے ریکارڈ ہدف کے قریب پہنچ گیا ،وحید احمد،

دسمبر سے اب تک 2لاکھ 40ہزار ٹن کینو ایکسپورٹ کیا جاچکا ہے،چیئرمین آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن

پیر 9 مارچ 2015 22:58

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) پاکستان رواں سال کینو کی برآمد کیلئے تین لاکھ ٹن کے ریکارڈ ہدف کے قریب پہنچ گیا ہے۔ دسمبر سے شروع ہونیو الے سیزن میں اب تک 2لاکھ 40ہزار ٹن کینو ایکسپورٹ کیا جاچکا ہے جس میں سے ایک لاکھ ٹن (40فیصد) سے زائد کینو روس کو ایکسپورٹ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ وحید احمد کے مطابق اس سال روس کی مارکیٹ کو بڑے پیمانے پر پاکستانی کینو برآمد کیا گیا روس نے یورپ، امریکا اور دیگر مغربی ممالک سے کھانے پینے کی اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کردی جس کی وجہ سے پاکستانی کینو کو روسی مارکیٹ میں قدم جمانے میں مدد ملی ساتھ ہی پاکستانی کینو کی کم قیمت نے بھی روس کو ایکسپورٹ بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک کی جانے والی ایکسپورٹ سے پاکستان کو 160ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوچکا ہے اس سال ایکسپورٹ تین لاکھ ٹن سے بھی زائد رہیگی جس سے مجموعی طور پر 200ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیگر پھل اور سبزیوں کی طرح ترش پھلوں کے شعبے میں بھی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی شدید ضرورت ہے جس کے زریعے پاکستانی ترش پھلوں میں بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت بڑھاتے ہوئے نئی ورائٹیز تیار کی جاسکتی ہیں اور ترش پھلوں کی ایکسپورٹ کو باآسانی ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے اس ضمن میں ایسوسی ایشن قومی سطح پر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے رجحان کو فروغ دینے کی مہم پر کام کررہی ہے حال ہی میں دنیا کے معروف ریسرچ ادارے CABIاور پاکستان کی ایگری ریسرچ کونسل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت طے کی جاچکی ہے اس کے علاوہ مختلف زرعی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ بھی اشتراک کیا جارہا ہے۔

رواں سال وفاقی وزارت تجارت، وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیوریٹی اینڈ ریسرچ، پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ، ایف بی آر، محکمہ کسٹم کا تعاون اور سپورٹ حاصل رہی جس سے کینو کی ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنا آسان ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایف وی اے نے آم کی طرح کینو کے لیے بھی ایکسپورٹ ایوارڈ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سال کینو کی ایکسپورٹ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایکسپورٹ کمپنیوں کے لیے ایوارڈ کی تقریب سرگودھا میں منعقد ہوگی جس میں صدر مملکت یا وزیر اعظم کو مدعو کیا جائے گا۔

پاکستانی کینو کی منڈیوں میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، خلیجی ریاستیں، کینیڈا، فلپائن، انڈونیشیا، ملائیشیا، بنگلہ دیش، ماریشس، سنگاپور مڈل ایسٹ ممالک شامل ہیں۔ کینو کی ایکسپورٹ کا سیزن مزید 30سے 40 روز جاری رہے گاجس میں مزید 60سے 70ہزار ٹن کینو ایکسپورٹ کیا جائے گا اس طرح پاکستان رواں سیزن 3لاکھ ٹن ایکسپورٹ کا ریکارڈ قائم کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :