ایم کیوایم کی نظریں سینیٹ چیئرمین شپ پر

پیر 9 مارچ 2015 22:15

ایم کیوایم کی نظریں سینیٹ چیئرمین شپ پر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ نے حکمران جماعت مسلم لیگ ن سے سینیٹ چیئرمین شپ کے لیے اپنے امیدوار کی حمایت مانگ لی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ کے دونوں اہم عہدوں پر متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت حاصل کرنے کیلئے آج مسلم لیگ ن کے وفد نے پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ سینیٹ اراکین کے انتخاب کے بعد ملک کا سیاسی درجہ حرارت عروج پر ہے اور ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے سیاسی حریفوں کو منانے کا سلسلہ جاری ہے۔

حکمران جماعت کے وفد میں وفاقی وزراء پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق شام تھے۔ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ملک میں ایک بڑی اکثریت کی نمائندگی کرتی ہے اور اسی لئے ان سے سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار کے حوالے حمایت کرنے پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایوان بالا اس وقت تک موثر نہیں ہوسکتا جب تک تمام سیاسی جماعتیں مل کر فیصلہ نہیں کرتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک فنکشنل سینیٹ کے قیام کی خواہشمند ہے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت اور رابطوں کے عمل کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیتے ہو ئے کہا کہ پاکستان میں بات چیت سے سیاست و جمہوریت مستحکم ہوگی۔ حکمران جماعت کے وفد سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ پچاس سال دوسری پارٹیوں کے چیرمین سینیٹ منتخب کرواتے آرہے ہیں اب کی بار باقی جماعتیں ایم کیوایم کے امیدوار کو ووٹ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اکثریت ہوئی تو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے خودبھی امیدوار کھڑا کرسکتےہیں۔ انھوں نے امید کا اظہار کیا کہ ان کے امیدوار کو ووٹ مل جائیں گے۔ رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ قوم کے اعتماد کو آگے بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ ن لیگ کی تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔ لیکن ابھی مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :