آنیوالی حکومت کا سابقہ حکومت کے منصوبے مکمل کرنا ملکی مفاد میں ہے ، اس سے اقتصادی ترقی کی مزید راہیں ہموار ہوں گی، سلمان تاثیر قتل کیس کا معاملہ عدالت میں ہے ، اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتا ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ملتان انٹر نیشنل ائیر پورٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت

پیر 9 مارچ 2015 19:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 مارچ۔2015ء) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر سابقہ حکومت کے منصوبے آنے والی حکومت مکمل کرے تو یہ ملک کے مفاد میں ہے اور اس سے اقتصادی ترقی کی مزید راہیں ہموار ہوں گی، سلمان تاثیر قتل کیس کا معاملہ عدالت میں ہے ، اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتا ۔ وہ پیر کو یہاں ملتان انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے نئے ٹرمینل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملتان انٹر نیشنل ائیر پورٹ کی افتتاحی تقریب میں انہیں مدعو کرنا ایک اچھی روایت ہے یقینا اگر کوئی حکومت منصوبہ شروع کرے اور آنے والی حکومت اس منصوبے کو مکمل کرے تو اس سے اس منصوبے کے اخراجات میں اضافہ نہیں ہوگا اور ملک کا بھی نقصان نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے شہر میں خوبصورت ائیر پورٹ کے منصوبے کی تکمیل ہوتے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ان کی پالیسی میں اتفاق رائے اور یکسانیت ہونی چاہیے یہ ملک کے مفاد میں ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے کہا تھا کہ ملتان فیصل آباد موٹروے اور کینسر ہسپتال جس کا میں نے سنگ بنیاد رکھا اور 30کروڑ روپے کے فنڈز بھی فراہم کیے ان منصوبوں کو بھی مکمل کیا جائے جس پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے یقین دلایا ہے کہ وہ آج ہی ان منصوبوں کی تکمیل کے احکامات جاری کر یں گے اور وزیراعظم نے ملتان فیصل آباد موٹر وے کا اپنے خطاب میں خصوصاً ذکر بھی کیا ہے اور ایک اور سوال کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انشاء اللہ میرے دور میں شروع کیے گئے تمام منصوبے جلد مکمل ہوں گے جب ان سے سوال کیا گیا کہ سابق گررنر سلمان تاثیر کے قاتل کے خلاف دہشت گردی کی دفعات ختم کر دی گئی ہے آپ کی اس پر کیا رائے ہے تو یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ معاملہ کیونکہ عدالت میں ہے اس لئے وہ اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتے ۔