علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کا مستقبل کیا ہوگا؟عدالت پرسوں مشرف کی دائر تین درخواستوں پرفیصلہ سنائیں گے

پیر 9 مارچ 2015 17:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد واجد علی خان پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویزمشرف کی دائر تین درخواستوں کا پرسوں بدھ کو فیصلہ سنائیں گے ، ان درخواستوں کے فیصلہ سے مقدمہ کے رخ کا تعین ہوگا ، مشرف نے اپنی ایک درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ”مجسٹریٹ نے پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس بغیر کسی شواہد کو دیکھے سیشن ٹرائل کے لئے دسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھیجا جو کہ خلاف قانون ہے۔

اس بنیاد پر ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کو علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔لہٰذا پرویزمشرف کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ واپس مجسٹریٹ کو بھیجا جائے“۔

(جاری ہے)

پرویزمشرف کی جانب سے دائر دوسری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ”علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے مکمل پولیس چالان میں پرویزمشرف کا نام خانہ نمبر دو میں ہے ،خانہ نمبر دو کے ملزم کو عدالت ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم نہیں دے سکتی،لہٰذا عدالت پرویزمشرف کو طلب نہ کرے“۔

ملزم پرویزمشرف کی جانب سے دائر تیسری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ”سپریم کورٹ نے لال مسجد آپریشن کے دوران ہی لال مسجد آپریشن کا ازخود نوٹس لے لیا تھا،تاحال سپریم کورٹ نے لال مسجد آپریشن کے متعلق حتمی فیصلہ نہیں سنایا،لہٰذا سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت روک دی جائے“۔

پرویزمشرف کی جانب سے دائر تینوں درخواستوں پر فریقین کے وکلاء نے 26فروری کو اپنے دلائل مکمل کرلئے تھے ،جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ 10مارچ تک کے لئے محفوظ کرلیا تھا۔ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان کل(منگل کو)صبح دس بجے پرویزمشرف کی جانب سے دائر تینوں درخواستوں پر عدالتی فیصلہ سنائیں گے۔ماہرین قانون کے مطابق فی الحال عدالتی فیصلے کے متعلق کوئی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی لیکن پرویزمشرف کی درخواستیں منظور ہونے کے امکانات کم ہیں تاہم اگر پرویزمشرف کی تینوں درخواستیں عدالت نے منظور کرلیں تو علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویزمشرف کی بریت کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

قانونی ماہرین کے مطابق اگر عدالت نے پرویزمشرف کی تینوں درخواستیں مسترد کردیں تو پرویزمشرف کا علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں باقاعدہ ٹرائل شروع ہو جائے گا اور ایسی صورت میں قوی امکان ہے کہ عدالت آئندہ سماعت پر ہی پرویزمشرف پر فردجرم عائد کردے گی۔واضح رہے کہ پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون شہید کے قتل کا مقدمہ تین ستمبر 2013کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی کے حکم پر درج کیا گیا تھا۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی تقریباََ 31سماعتیں کرچکے ہیں اور 31دفعہ ہی پرویزمشرف کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا لیکن پرویزمشرف ایک دفعہ بھی عدالتی حکم کی تعمیل میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

متعلقہ عنوان :