صوبہ میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے‘وزیر داخلہ پنجاب

پیر 9 مارچ 2015 16:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء)صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ صوبہ میں جاری مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کا تحفظ پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل کی سربراہی میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ، رینجرز کے افسران اور جوان انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے چین کے قونصل جنرل یو بورین سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر قونصل جنرل کے پولیٹیکل سیکرٹری اور وزارت داخلہ کے سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی کرنل وجاہت ہمدانی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت صوبہ پنجاب میں جاری مختلف منصوبوں پر تقریباً 3000چینی کام کررہے ہیں اوران کی سکیورٹی پر عسکری گارڈز سپیشل برانچ اور رینجرز کے علاوہ 7000پولیس افسران و اہلکاران تعینات ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے قونصل جنرل کو صوبہ میں چینی باشندوں کو ہر طرح کا تحفظ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

چینی قونصل جنرل یو بورین نے چینی باشندوں کی سکیورٹی بارے پنجاب حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور تعاون پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر کے متوقع دورے پر چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی اور مختلف معاہدے بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کو ریڈور سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا اور جلد اس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اکنامک کو ریڈور سے پاکستان میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور غربت کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کی آمد پر چینی کمپنیاں صوبہ میں45ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی جس سے یہاں کے لوگوں کی زندگی میں انقلاب آئے گا اور اس سے پورے ریجن کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے اٹھائے جارہے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اوروہ ہر سطح پر پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا۔