نواز شریف سینیٹ انتخابات پر مقابلہ کرنیکی بجائے ساتھ بیٹھ جائیں، حکومت اپوزیشن سے ہار جائے تو نیک شگون نہیں ہو گا، ایک سیٹ حاصل کرنے کیلئے غلط آرڈیننس جاری کیا، یہ نواز شریف کے تکبر کا امتحان ہے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو

پیر 9 مارچ 2015 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف سینیٹ انتخابات پر اپوزیشن کے ساتھ مقابلہ کرنے کے بجائے ساتھ بیٹھ جائیں، حکومت اپوزیشن سے ہار جاتی ہے تو نیک شگون نہیں ہو گا، ایک سیٹ حاصل کرنے کیلئے غلط آرڈیننس جاری کیا، یہ نواز شریف کے تکبر کا امتحان ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جب حکومت یہ سوچے کہ وہ سینیٹ الیکشن جیت سکتی ہے تو اس کا مطلب واضح ہے کہ حکومت کی کامیابی مشکل ہے، حکومت کو اعتماد نہیں کہ وہ یقینی الیکشن جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نواز شریف کے تکبر کا امتحان ہے، ایسی صورتحال میں حکومت کو اتفاق رائے کی طرف جانا چاہیے، حکومت کے پاس پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کے ذریعے آگے بڑھنے کا اچھا موقع ہے۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج ایسے حالات ہیں کہ پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں سینیٹ کی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین شپ جیت رہی ہیں، نواز شریف کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کیلئے امیدوار فائنل کرنے چاہیئیں، اگر وزیر اعظم نواز شریف نے مقابلہ کیا اور اپوزیشن کے امیدوار سینیٹ الیکشن جیت جاتے ہیں تو میاں صاحب کیلئے آگے آنے والے دنوں کیلئے یہ نیک شگون نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فاٹا کیلئے جلد بازی میں غلط آرڈیننس نکالا، حکومت نے صرف ایک سیٹ حاصل کرنے کیلئے آرڈیننس جاری کیا۔