سپریم کورٹ نے طاہرالقادری کیخلاف سیاسی سرگرمیوں اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی سے خفیہ تعلقات بارے درخواست عدم پیروی پر خارج کردی

پیر 9 مارچ 2015 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کیخلاف پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی سے خفیہ تعلقات بارے درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیمبر میں شاہد اورکزئی کی درخواست کی سماعت کی تاہم سماعت کے دوران درخواست گزار موجود نہ تھے جس پر عدالت نے درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔

واضح رہے کہ درخواست گزار نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے حساس ادارے کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضیاء الدین سے خفیہ رابطے تھے اور ان کے کہنے پر ہی انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ درخواست میں یہ سوال بھی اٹھایا گیاہے کہ کیا کوئی غیر ملکی پاکستان میں سیاست کرسکتا ہے؟ کیا وہ آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی سرگرمیاں کرنے کا مجاز ہے؟ شاہد اورکزئی نے درخواست جولائی 2014ء میں اس وقت دائر کی تھی جب اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا دھرنا جاری تھا تاہم اس وقت یہ درخواست سماعت کیلئے مقرر نہیں کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شاہد اورکزئی نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء سے گفتگو میں کہا کہ وہ ٹریفک کے ہجوم کی وجہ سے مقررہ وقت پر سپریم کورٹ نہیں پہنچ سکے تھے اس وجہ سے درخواست خارج ہوئی تاہم وہ اس مقدمے میں اپیل دائر کریں گے۔

متعلقہ عنوان :