اے بی ڈی ویلیئرز کی وکٹ نے مزید اعتماد دیا ہے،سہیل خان

پیر 9 مارچ 2015 11:44

اے بی ڈی ویلیئرز کی وکٹ نے مزید اعتماد دیا ہے،سہیل خان

ایڈیلیڈاوول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے کہاہے کہ جنوبی افریقہ کے کپتان اور بہترین بیٹسمین اے بی ڈی ویلییرز کی وکٹ حاصل کر کے ان میں مزید اعتماد پیدا ہوا ہے۔اے بی ڈی ویلیئرز نے پاکستان کے خلاف آکلینڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں 77 رنز بنائے اور ان کا کیچ سرفراز احمد نے سہیل خان کی گیند پر پکڑا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے سہیل خان نے کہاکہ ’اے بی ڈی ویلییرز کے ہوتے ہوئے ہمارے ہاتھوں سے میچ جا رہا تھا۔ میں جب بولنگ کرانے آیا تو اس وقت جنوبی افریقہ کو تقریباً 30 رنز جیتنے کے لیے چاہیے تھے۔ میں نے ایک فل لینتھ کرائی اور دوسری شارٹ لینتھ اور مجھے بہت خوشی ہوئی کہ ڈی ویلییرز نے گیند کو ایج کیا۔

(جاری ہے)

‘میں اب زیادہ پر اعتماد ہوں اور اگلے میچ میں پانچ وکٹیں لینے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

‘پاکستان کا اگلا میچ آئر لینڈ کے خلاف ہے اور اس میچ میں فیصلہ ہو گا کہ پاکستان کوارٹر فائنل کے کوالیفائی کرے گا یا نہیں۔سہیل خان نے کہا ’ہم نے کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کے دیے گئے پلان کے مطابق بولنگ کرائی۔ اور بولنگ میں پوری جان لگائی۔سہیل خان نے مزید کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم یہ پرفارمنس اور فارم برقرار رکھتی ہے تو ہم عالمی کپ میں بہت آگے جا سکتے ہیں۔