پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرائے کم ہونے چاہئیں ، اس سلسلہ میں ہوائی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے،فیصل آباد میں سیالکوٹ طرز کا حاجی کیمپ بنایا جاسکتا ہے ، حکومت حجاج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ، فیصل آباد چیمبر کی تجویز پر حج 2015کیلئے پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بجائے قرعہ اندازی کے فارمولے پر سنجیدگی سے غور کریں گے ،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا چیمبر آف کامرس اینڈس انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب

اتوار 8 مارچ 2015 20:54

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرائے کم ہونے چاہئیں ، اس ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرائے کم ہونے چاہئیں ، اس سلسلہ میں ہوائی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے،فیصل آباد میں سیالکوٹ طرز کا حاجی کیمپ بنایا جاسکتا ہے ، حکومت حجاج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ، فیصل آباد چیمبر آف کامرس کی تجویز پر حج 2015کیلئے پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بجائے قرعہ اندازی کے فارمولے پر سنجیدگی سے غور کریں گے ۔

وہ یہاں چیمبر آف کامرس اینڈس انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ سالوں کے دوران سرکاری حج کیلئے پہلے آؤ پہلے پاؤ والے فارمولے پر عمل ہوتا رہا ہے۔تاہم اس سال چیمبر کی تجویز پر اس میں تبدیلی زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مجموعی طور پر ایک لاکھ اسی ہزار حاجی فریضہ ادا کرتے تھے جن میں سعودی عرب نے بیس فیصد کی کمی کر دی ہے اس طرح اب کل ایک لاکھ تنتالیس ہزار چھ صد چھتیس حاجی حجاز مقدس جا رہے ہیں۔

ان میں سے پچاس فیصد کوٹہ نجی شعبہ کیلئے مختص ہے جبکہ سرکاری سکیم کے تحت ستر سے بہتر ہزار عازمین فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سلسلہ میں زیادہ درخواستیں آجائیں تو پھر قرعہ اندازی کی ضروری پڑتی ہے اس لئے اس مرتبہ براہ راست قرعہ اندازی کی تجویز انتہائی موزوں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ دوسالوں کے دوران حج آپریشن کو بہت بہتر بنادیا ہے ۔

گذشتہ سال ہمارا حج پیکج بھارت کے مقابلے میں تین صد پینتالیس ڈالر سستا تھا۔ جبکہ اس دفعہ حاجیوں کو مزید سہولتیں مہیا کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرائے کم ہونے چاہئیں اور اس سلسلہ میں بھی ہوائی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔انہوں نے فیصل آباد کیلئے حاجی کیمپ کے مطالبہ کی بھی تائید کی تاہم کہا کہ سیالکوٹ چیمبر نے ہمیں حاجی کیمپ کیلئے زمین دینے کی پیش کش کی ہے جس پر حکومت عمارت تعمیر کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں بھی اسی طرز پر حاجی کیمپ تعمیر کیا جاسکتا ہے تاہم اس کیلئے کیمپ کی معاشی افادیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے سعودی عرب میں پاکستانیوں میں نظم و ضبط کی کمی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت ہم عازمین کو صرف دو گھنٹے کی تربیت دے رہے ہیں جس سے کم از کم دو تین دن بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے تاجربرادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے خواتین کے لباس کے حوالے سے بھی تاجروں سے کہا کہ وہ عبایا تیار کر کے حج پر جانے والے خواتین کو بطور تحفہ دے سکتے ہیں اور یہ بھی ایک کارثواب ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی سطح پر اذان اور جماعت کا ایک وقت مقرر کر دیا گیا ہے اسی طرح کا نظام صلاة دوسرے شہروں میں بھی نافذ کیا جا سکتا ہے تاکہ اس کیلئے لوگوں کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ عمرہ کا انتظام نجی شعبہ کے پاس ہے جو اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ برس وزیر اعظم کے حکم پر عمرہ میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی یہ کمیٹی جائزہ لے رہی ہے کہ عمرہ کو بھی وزارت حج کے سپرد کر دیا جائے تاہم اس کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے چیمبر کے صدر و دیگر شرکاء کی طرف سے پیش کی جانے والے تجاویز کو انتہائی پرمغز قراردیا اور یقین دلایا کہ آئندہ حج پالیسی کی تیاری کے سلسلہ میں ان سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے رکن میاں عبدالمنان نے بتایا کہ گذشتہ برس سول ایوی ایشن اتھارٹی کے محمد یوسف فیصل آباد آئے تھے اس میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ سیالکوٹ کی طرز پر فیصل آباد میں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ائیر پورٹ تعمیر کیا جائے گا اس کے لئے حکومت نے چک جھمرہ کے نزدیک پچیس ایکڑ زمین بھی مختص کر دی ہے جہان دیگر سہولیات کے علاوہ حاجی کیمپ، کسٹم آفسز ، ائیرکارگو، وئیر ہاؤس، بزنس ہاؤسز اور شاپنگ آرکیڈ بھی تعمیر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجروں و صنعتکاروں کو اس پر سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔ قبل ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے خیر مقدمی کلمات میں فیصل آباد کی صنعتی و تجارت اور کاروباری اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان کے موجودہ دور میں چیمبر آنے والے وہ پہلے وفاقی وزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد مذہبی لوگوں کا شہر ہے ۔

یہاں سے ہر سال لوگوں کی بڑی تعداد حج و عمرہ کیلئے سعودی عرب جاتی ہے لیکن یہاں حاجی کیمپ کے علاوہ دیگر سہولیات میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجی کیمپ میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کیلئے فیصل آباد کے تاجروں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے لہٰذا حاجی کیمپ کی کمیٹی کی تشکیل میں فیصل آباد چیمبر کو بھرپور نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے سرکاری حج سکیم کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر سردار محمد یوسف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس سے ناصرف موجودہ حکومت بلکہ پاکستان کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اس موقع پر چیمبر کے سابق صدر میاں جاوید اقبال، راؤ سکندر اعظم، چوہدری محمد نواز، حاجی عبدالرشید، جماعت علی شاہ، ندیم اقبال ، ریحان بھراڑہ، فاروق اللہ والا اور خواجہ مظہر نے بھی مختلف قسم کے سوالات اٹھائے۔ آخر میں فیصل آباد چیمبر کے نائب صدر انعام افضل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ میاں جاوید اقبال نے وفاقی وزیر کو چیمبر کی خصوسی شیلڈ پیش کی۔ مزیدبرآں سینئر نائب صدر ندیم اللہ والا نے سردار محمد یوسف کو چیمبر کا اعزازی پن لگائی۔

متعلقہ عنوان :