Live Updates

”وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ“ خواتین کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا

مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد،خواتین کے کردار کو اجاگر، صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا صدر مملکت ، وزیراعظم، عمران خان، سراج الحق،سابق صدر زرداری،الطاف حسین، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا خواتین کو خراج تحسین پیش،سماجی حلقوں کا خواتین ڈے پر امتیازی سلوک اور بے جا پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کا کردار اہم ہے، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر فیلڈ میں کام کر رہی ہیں،خواتین کے بغیر کوئی معاشرہ و ملک ترقی نہیں کر سکتا،وفاق صوبوں کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا،سیاسی قائدین کاعزم

اتوار 8 مارچ 2015 17:35

اسلام آباد/لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) ”وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ“پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا، ملک کے مختلف شہروں میں سماجی و سیاسی حلقوں ،تقریبات کا انعقاد کر کے خواتین کے کردار کو اجاگر، صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا،صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،امیر جماعت اسلامی سراج الحق،سابق صدر آصف علی زرداری،الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین اور ان کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پیغامات، سماجی حلقوں نے خواتین ڈے پر امتیازی سلوک ختم کرنے اور خواتین پر بے جا پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کوپاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا، وفاقی دارالحکومت میں بیت المال کی طرف سے جبکہ دیگر شہروں میں خواتین ڈے کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں صدر مملکت سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ لاہور ،کراچی،کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی خواتین ڈے منایا گیا۔

اس دن کی مناسبت سے خواتین نے بھرپور تیاریاں کیں اور تقریبات میں نمایاں رہیں۔ خواتین ڈے پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کا کردار اہم ہے، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر فیلڈ میں کام کر رہی ہیں،خواتین کے بغیر کوئی معاشرہ و ملک ترقی نہیں کر سکتا۔خواتین ڈے پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،وفاق صوبوں کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، خواتین کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت ضروری ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد تحفظ حقوق نسواں صوبوں کی ذمہ داری ہے، تحفظ حقوق نسواں کیلئے عالمی قوانین کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، بین الاقوامی قوانین کے عملی نفاذ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، وفاق صوبوں کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے ، خواتین کو بلا امتیاز مواقع کی فراہمی کیلئے سول سوسائٹی اور میڈیا کردار ادا کرے، خواتین کی شرکت کے بغیر کوئی معاشرہ اور ملک ترقی نہیں کر سکتا -عمران خان،آصف علی زرداری ، سراج الحق اور الطاف حسین نے بھی خواتین ڈے پر اپنے اپنے پیغامات میں خواتین کو خراج تحسین پیش کیا۔

مختلف شہروں میں سماجی حلقوں کی طرف سے خواتین ڈے پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں امتیازی سلوک ختم کرنے اور خواتین پر بے جا پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔خواتین ڈے کے موقع پر ان خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا اور ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین بھی کسی سے کم نہیں،ہمارے معاشرے میں عورت کا مقام اْس مقام سے کہیں منفرد اور مختلف ہے جو اسے مغرب میں حاصل ہے، مغرب میں خواتین کے حقوق کا تحفظ ”اخلاقیات“ سے نہیں، بلکہ ”افادیت“ سے کیا جاتا ہے، پاکستانی عورت نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور معاشرے میں مرد کے کاندھے سے کاندھا ملانے کے بجائے اپنی منفرد پہچان بنائی، بات ہو سیاست کی تو مسلم دنیا کی پہلی خاتون سربراہِ مملکت اور دختر مشرق کا لقب بے نظیر بھٹو نے پایا، قومی اسمبلی کی اٹھارویں اور پاکستان کی پہلی خاتون سپیکر بننے کا اعزاز فہمیدہ مرزا نے حاصل کیا۔

پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بنیں، نوبل امن ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی جو حصولِ تعلیم کیلئے اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کرتی، دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی پروفیشنل کا اعزاز پا کر جہان فانی سے کوچ کر جانیوالی ارفع کریم رندھاوا بھی پاکستان کا روشن ستارہ ہیں، معیشت کے میدان میں سٹیٹ بینک کی 14ویں اور پاکستان کی پہلی خاتون گورنر ڈاکٹر شمشماد اختر کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں تو دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ عائشہ فاروق ایسی خواتین ہیں جو ناصرف پاکستان کی 51 فیصد کا بلکہ 18 کروڑ لوگوں کا مان اور فخر ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات