محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پراپرٹی ٹیکس نا دہندگان کیخلاف کل سے کریک ڈاؤن کا آغاز کریگا

عمارتیں سر بمہر کی جائینگی ،بڑے نا دہندگان کی گرفتاریوں کیلئے باضابطہ اجازت بھی حاصل کر لی گئین

اتوار 8 مارچ 2015 16:13

لاہور( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء))محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پراپرٹی ٹیکس نا دہندگان کیخلاف کل ( پیر ) سے کریک ڈاؤن کا آغاز کرے گا ،بڑے نا دہندگان کی گرفتاریوں کیلئے باضابطہ اجازت بھی حاصل کر لی گئی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایات پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے رواں مالی سال کے اختتام سے قبل اپنا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے اوراسی تناظر میں پراپرٹی ٹیکس نا دہندگان کے خلاف کل ( پیر ) سے کریک ڈاؤن شروع کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

نا دہندگان کو حتمی نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں اور اگلے مرحلے میں عمارتیں سر بمہر کرنے کے علاوہ بڑے نادہندگان کی گرفتاریاں بھی کی جائیں گی جسکے لئے متعلقہ حکام سے باضابطہ اجازت بھی حاصل کر لی گئی ہے ۔ بتایا گیاہے کہ ریجن اے میں نا دہندگان کی 30ہزار جائیدادیں ہیں جن میں سے چار ہزار پانچ لاکھ روپے سے زائد کی نا دہندہ ہیں ۔ ڈائریکٹر ایکسائز ریجن اے اقبال ناصر نے کہا کہ نا دہندگاہ سے وصولی کے لئے ای ٹی او ز کی سربراہی میں انسپکٹرز اور کانسٹیبلز کی ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو قانون کے مطابق نا دہندگان سے وصولی کے لئے اقدامات کریں گی۔