خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عالمی وقومی رہنماوٴں کا پیغام

دو بیٹیوں کے باپ ہونے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں،اوبامہ خواتین کی شرکت کے بغیرکوئی معاشرہ اورملک ترقی نہیں کرسکتا‘ نواز شریف

اتوار 8 مارچ 2015 15:46

اسلام آبا د ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء ) عالمی وقومی رہنماوٴں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو خراج تحسین پیش کیا،،ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے بغیر معاشرے کی تکمیل ممکن نہیں، کوئی بھی ملک خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔امریکی صدر براک اوباما نے واشنگٹن سے اپنے پیغام میں کہا کہ دو بیٹیوں کے باپ ہونے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں، خواتین کے حوالے سے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیرکوئی معاشرہ اورملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان ہرسطح پرفیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت کویقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ قومی فریضہ ہے،جو ہمیں کامیابی سیانجام دینا ہوگا،وفاق صوبوں کوخواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہرممکن معاونت فراہم کریگا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کالازمی اوربنیادی جزوہیں،خواتین کے بغیرمعاشرے کی تکمیل نہیں ہوسکتی، لیکن افسوس ہمارے معاشرے میں خواتین کو غیرت اورکاروکاری کے نام پر قتل کردیا جاتا ہے۔ اکیسویں صدی میں بھی پاکستان کے دیہی علاقوں میں خواتین غلاموں جیسی زندگی بسرکررہی ہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خواتین تبدیلی اورترقی کاہراول دستہ ہیں، تحریک انصاف خواتین کوبااختیاربنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسلام عورتوں کے حقوق کا اصل ضامن ہے، اسلام نے عورت کو ماں بہن ،بیٹی کی حیثیت سے اعلیٰ ترین مقام دیا ہے، مسلمان خواتین کیلئے حضرت عائشہ ،حضرت فاطمہ اور حضرت خدیجة الکبریٰ ہیں رول ماڈل ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیرترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :