جامشورو سے 3 دہشت گرد بھاری اسلحے سمیت گرفتار

گرفتار دہشت گردوں کا تعلق سوات سے ہے جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، ایس ایس پی نعیم شیخ

اتوار 8 مارچ 2015 13:51

جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) پولیس نے سپرہائی وے پر کامیاب کارروائی کر تے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی نے پولیس پارٹی کے لیے 50لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ بھاری تعداد میں دھماکا خیز مواد کراچی منتقل کیا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس نے چیکنگ سخت کردی اور جب جامشورو سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب ٹی موڑ کے علاقے میں ایک مشکوک رکشے کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار کی کوشش کی جس پر پولیس نے رکشے کا گھیراؤ کر کے جب اس کی تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے 60 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور 13سو ڈیٹو نیٹرز سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے دعوے کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے ہے جو دہشتگردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ رکھتے تھے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی جامشورو نعیم شیخ نے کہاکہ بارودی مواد پشاورسے بذریعہ ٹرک لایا گیا اور ہالا ناکے پر رکشے میں منتقل کیا گیا، کراچی اسلحہ منتقل کرنے والے 3 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت سلیم شاہ، فرین شاہ اور جبار شاہ سے ہوئی ہے، ملزمان کا تعلق سوات سے ہے جن سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی جامشورو نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی اور ان کے لئے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :