کراچی لیاری میں پولیس مقابلہ ، 30افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3کارندے مارے گئے

اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد

اتوار 8 مارچ 2015 13:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں ۔کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں پولیس مقابلہ ، 30 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گینگ وار کے 3 کارندے مارے گئے جبکہ اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی ہے۔

تفصیلات لے مطابق لیاری کے علاقے میں بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کے 3 ملزمان ہلاک مارے گئے۔اس ضمن میں ایس ایس پی سٹی فدا حسین نے بتایا کہ لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ملزمان کی شناخت عبد الرحمان عرف لمبا، سبحان عرف گرینیڈ اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔

تینوں ملزمان کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سٹی نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ملزمان قتل اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ملزمان کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ بھی برآمدہواہے۔ ملزمان تیس افراد کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کا تعلق کاموں لاسی گروپ سے تھا ۔ ادھراورنگی ٹاؤن کے علاقے پیرآباد میں مبینہ پولیس مقابلہ میں زخمی ملزم نہال جبکہ اس کے ساتھی فواد کوگرفتار کرلیا گیا ہے،گرفتار ملزم کے قبضے سے منشیات، اسلحہ اور پاپوش نگر کے علاقے سے چھینی گئی موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔