Live Updates

زرداری سندھ کارڈ کھیل رہے ہیں ، نواز شریف انکے مقابلے میں میر حاصل بزنجو کی شکل میں بلوچستان کارڈ اس لئے سامنے لے آئے ہیں کہ انکا اپنا چیئر مین سینٹ بن نہیں سکتا ورنہ یہ منصب بھی شریف خاندان کو ہی ملتا،عمران خان حاصل بزنجو کی حمائت نہیں کریں گے کیوں کہ وہ ن لیگ کے ”گڈے“ پر سوار ہیں،قادر پٹیل کے ردعمل نے زرادری کو مجبور کیا کہ وہ رحمان ملک کو بیان بازی سے روکیں

جمعیت علما اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمدکی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 8 مارچ 2015 13:15

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) جمعیت علما اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ زرداری سندھ کارڈ کھیل رہے ہیں جبکہ نواز شریف انکے مقابلے میں میر حاصل بزنجو کی شکل میں بلوچستان کارڈ اس لئے سامنے لے آئے ہیں کہ انکا اپنا چیئر مین سینٹ بن نہیں سکتا ورنہ یہ منصب بھی شریف خاندان کو ہی ملتا۔۔عمران خان حاصل بزنجو کی حمائت نہیں کریں گے کیوں کہ وہ ن لیگ کے ”گڈے“ پر سوار ہیں۔

قادر پٹیل کے ردعمل نے زرادری کو مجبور کیا کہ وہ رحمان ملک کو بیان بازی سے روکیں انکی بیان بازی کے چھینٹے زرادری پر بھی پڑ رہے تھے۔وہ اوکاڑہ کے صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ اس بار بلو چستان کی ملکی صدارت ”ڈیو“ تھی جو اسے نہیں دی گئی ن لیگ نے اس مجبوری میں میر حاصل بزنجو کا نام لیا کہ انکا اپنا بندہ چیئر مین بن نہیں سکتا ورنہ اسحاق ڈار سینٹر کے ساتھ ساتھ ”شریف فیملی“ کے ہی ہیں چاہے سمدھی ہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی مجبوری ہے کہ اس نے سندھ میں متوقع گورنر راج کے خلاف پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہی ہے۔لہٰذا سینٹ کے چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں ایم کیو ایم اسکی ہی سپورٹ کرے گی جسکو پیپلز پارٹی سپورٹ کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میر حاصل بزنجو ن لیگ کے گڈے پر سوار ہیں اسی لئے عمران خان تو کم از کم انکی حمائت نہیں کریں گے۔اگر بزنجو کا گڈا بدل گیا اور وہ ”ایمپائیر“ والا ہو گیا تو عمران کی حمائت الگ بات ہو گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات