جامشوروپولیس کی سپرہائی وے پر کامیاب کارروائی ، 3 دہشت گرد گرفتار ،60 کلو گرام بارودی مواد برآمد

بارودی مواد پشاورسے لایا گیا ، دہشت گردوں کی شناخت سلیم شاہ، فرین شاہ اور جبار شاہ کے نام سے ہوئی

اتوار 8 مارچ 2015 12:23

جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء ) جامشوروپولیس نے سپرہائی وے پر کامیاب کارروائی کر تے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ بھاری تعداد میں دھماکا خیز مواد کراچی منتقل کیا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس نے چیکنگ سخت کردی اور جب جامشورو سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب ٹی موڑ کے علاقے میں ایک مشکوک رکشے کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار کی کوشش کی جس پر پولیس نے رکشے کا گھیراوٴ کر کے جب اس کی تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے 60 کلو گرام بارودی مواد برآمد ہوا۔

ایس ایس پی جامشورو نعیم شیخ کا کہنا ہے بارودی مواد پشاورسے بذریعہ ٹرک لایا گیا اور ہالا ناکے پر رکشے میں منتقل کیا گیا، کراچی اسلحہ منتقل کرنے والے 3 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت سلیم شاہ، فرین شاہ اور جبار شاہ سے ہوئی ہے، ملزمان کا تعلق سوات سے ہے جن سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی جامشورو نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی اور ان کے لئے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :