’فضول سوالوں کا جواب دینے کا وقت نہیں‘، شاندار فتح کے بعد بھی ہیڈ‌کوچ برہم

ہفتہ 7 مارچ 2015 19:24

’فضول سوالوں کا جواب دینے کا وقت نہیں‘، شاندار فتح کے بعد بھی ہیڈ‌کوچ ..

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7مارچ۔2015ء) پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سرفراز احمد کی فتح گر کارکردگی کے باوجود انہیں ابتدائی چار میچز میں ٹیم سے باہر رکھنے پر انہیں کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔ سرفراز نے جنوبی افریقہ کےخلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 49 رنز کی اننگ کھیلنے کے ساتھ ساتھ وکٹوں کے پیچھے چھ کیچ پکڑ کر کسی بھی ایک روزہ میچ میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ کیچز کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ میں پاکستان کے ابتدائی چاروں میچوں میں عمر اکمل سے وکٹ کیپنگ کرائی گئی تھی۔اس دوران وقار یونس پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ جان بوجھ کر وکٹ کیپر بلے باز کو ٹیم میں شامل نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

سرفراز کی جنوبی افریقہ کے خلاف کارکردگی نے ان دعوؤں کو مزید تقویت بخشی۔ لیکن وقار یونس نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کے بعد اس حوالے سے سوال پر صحافی پر برستے ہوئے کہا کہ ’میرے پاس ایسے فضول سوالوں کے جواب دینے کا وقت نہیں‘۔

’دیکھیں میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ مجھے سرفراز پر یقین نہیں، میرا بس یہ خیال تھا کہ وہ بحیثیت اوپنر زیادہ بہتر نہیں کھیل سکے گا لیکن آج اس نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘۔ اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا سرفراز کو کوچ کے ساتھ ذاتی چپقلش کی وجہ سے ٹیم سے باہر کیا گیا؟، جس پر وقار نے کہا کہ میڈیا اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔ وقار یونس نے پریس کانفرنس ادھوری چھوڑتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اب پریس کانفرنس ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے، ہم نے گزشتہ میچوں میں گیارہ بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، میرے پاس فضول سوالوں کے جوابات دینے کا وقت نہیں۔