صرف پاکستانی باﺅلرز ہی ایسا کر سکتے تھے: بین الاقوامی میڈیا

ہفتہ 7 مارچ 2015 17:12

صرف پاکستانی باﺅلرز ہی ایسا کر سکتے تھے: بین الاقوامی میڈیا

آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ2015ء)پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح سے جہاں پاکستانی عوام، سیاستدان اور میڈیا سمیت تمام شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد خوشی منا رہے ہیں اور پاکستانی ٹیم کی تعریف کر رہے ہیں وہ غیر ملکی میڈیا بھی پاکستانی ٹیم کے شاندار کم بیک کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ "Cricinfo" نے پاکستان کے میچ جیتنے کے بعد جو خبر چلائی اس کی ہیڈ لائن کچھ یوں تھی” باﺅلرز کے ذریعے پاکستان کی دھاڑتے ہوئے واپسی“ اور خبر میں لکھا گیا ” یہ وہ میچ تھا جس کی اس ورلڈکپ کو ضرورت تھی، یہ وہ (پاکستان) ٹیم ہے جس کی ورلڈکپ کو ضرورت تھی، پاکستانی باﺅلرز کے بغیر یہ میگاایونٹ بالکل پھیکا تھا جنہوں نے چھوٹی سی گراﺅنڈ میں 47 اوورز میں صرف 231 رنز کے ہدف کا دفاع کیا۔

(جاری ہے)

بائیں بازو کے گیند بازوں نے وہ کر دکھایا جو صرف پاکستانی باﺅلرز ہی کر سکتے تھے“۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ”بی بی سی“ نے لکھا کہ ” بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی نے پاکستانی ٹیم کو صرف 222 رنز بنانے کا موقع دیا لیکن پیس بیٹری ایسی چارج ہوئی کہ اس نے جنوبی افریقہ کو تمام وقت بیک فٹ پر ہی رکھا اور ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت دیئے گئے 232 رنز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 202 رنز پر آﺅٹ کر دیا۔