خواتین کی ترقی اورانہیں بااختیار بنائے بغیرترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا‘پاکستان کی خواتین با صلاحیت،محنتی اورتعلیم یافتہ ہیں،خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ‘پنجاب حکومت نے خواتین کوبااختیار بنانے اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں ‘سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصدسے بڑھا کر15فیصد کیا گیا ہے،عمر کی حد میں مزید 3سال کی رعایت دی گئی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا یوم خواتین کے موقع پر خصوصی پیغام

ہفتہ 7 مارچ 2015 17:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 50فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے‘ خواتین کی ترقی اورانہیں بااختیار بنائے بغیر پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ‘ملک کی تعمیرو ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘پاکستان کی خواتین با صلاحیت،محنتی اورتعلیم یافتہ ہیں،خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ‘کوئی بھی معاشرہ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیر ترقی کی منزلیں طے نہیں کر سکتا‘دین اسلام نے خواتین کے حقوق پر بہت زیادہ زور دیا ہے-پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی کیلئے خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ملک و قوم کی ترقی کیلئے خواتین کو عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہر ہ کرنا ہے ۔ملک کی تعمیر وترقی کے ساتھ پرامن معاشرے کی تشکیل میں بھی خواتین کے موٴثر کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

دین اسلام نے خواتین کو باوقار مقام عطاکیا ہے ۔پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کردیا گیا ہے ۔ حکومت کے اس انقلابی فیصلے سے زیادہ سے زیادہ خواتین کو مختلف شعبوں کی ترقی میں اپنا بھر کردارادا کرنے کا موقع ملے گا،اسی طرح ضروری قانون سازی کے ذریعے خواتین کا وراثت میں حصہ یقینی بنایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک اورانقلابی فیصلے کے تحت خواتین کو ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 3سال کی خصوصی رعایت بھی دی جارہی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے انقلاب آفرین اقدامات کے باعث پہلی مرتبہ خواتین کی بڑی تعداد لیپ ٹاپ سکیم ، اجالا پروگرام، انٹرن شپ پروگرام اور خود روزگار سکیم سے مستفید ہو رہی ہے- خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے حوصلہ افزا اور مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں- یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستانی خواتین وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں پہلے سے بڑھ کر کردار ادا کر رہی ہیں-انہوں نے کہا کہ آج کا عالمی یوم خواتین ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے اورملک کی نصف سے زائد آبادی کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :