کراچی اسٹاک ایکس چینج گذشتہ ہفتہ مندی کی زد میں رہی،100انڈیکس 33711پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد 33200پوائنٹس کی سطح پر بند

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعدگزشتہ ہفتہ بھی مندی کی زد میں رہی،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 33711پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد 33200پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب37ارب سے زائد رپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 76کھرب روپے کی بلند سطح سے گھٹ کر74کھرب روپے رہ گیا ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتہ کے پہلے ہی روز مندی کے بادل چھاگئے اور 100انڈیکس400سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کے بعد وقتا فوقتا مارکیٹ کاروباری اتار چڑھاؤکی زد میں رہی ۔گذشتہ ہفتہ5کاروباری دنوں میں مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی اور انڈیکس 548.6پوائنٹس کم ہوا جبکہ 2کاروباری دنوں میں معمولی تیزی کے باعث انڈیکس نے 180.07پوائنٹس کو ریکور کیا ۔

(جاری ہے)

اسٹاک ماہرین کے مطابق گذشتہ ہفتہ مارکیٹ میں کوئی نیا ٹریگر نہ ہونے پر سرمایہ کار تذبذب کا شکار دکھائی دیئے اور انہوں نے شارٹ ٹرم حصص کی فروخت کو ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ سنبھل نہ سکی ،پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان بھی غالب رہا جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار سائیڈ لائن رہے ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق کیونکہ کاروباری اتار چڑحاؤ کے باوجود مارکیٹ اب بھی32ہزار پوائنٹس کی سطح پر ہی برقرار ہے تو امید ہے کہ نیا کاروباری ہفتہ مارکیٹ میں تیزی کا سبب بن سکتا ہے ۔

گذشتہ ہفتہ کے دوران کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100انڈیکس میں 369پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی اور انڈیکس 33600، 33500، 33400اور33300پوائنٹس 4بالائی حدوں سے نیچے گر گیاجس کے باعث 100انڈیکس 33632.19پوائنٹس سے گھٹ کر 33262.66پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح 222 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 21694.97 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24131.61پوائنٹس سے کم ہوکر 23714.49پوائنٹس پر آگیا۔

گزشتہ ہفتے مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 37ارب 67کروڑ 76لاکھ 53ہزار 480روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 76کھرب 15ارب 58کروڑ 68لاکھ 62ہزار 867روپے سے کم ہوکر 74کھرب 77ارب 90کروڑ 92لاکھ 9 ہزار 387روپے رہ گیا۔ گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 21کروڑ 21لاکھ حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو 13 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 13کروڑ 47لاکھ حصص رہا اور اس دن ٹریڈنگ ویلیو 8ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ مجموعی طور پر 1829کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 722کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 1012کے بھاؤ میں کمی اور 95کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے پاک الیکٹرون ،پاک انٹر نیشنل بلک ،جہانگیر صدیق کمپنی ،اینگرو کارپوریشن ،کے الیکٹرک ،بینک آف خیبر ،اینگرو فرٹیلائزر ،میپل لیف سیمنٹ ،ٹی آر جی لمیٹڈ اور فوجی گرٹیلائزر سرفہرست رہے ۔

متعلقہ عنوان :