ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کاسانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں تفتیشی افسرکی تضاد بیانی پر برہمی کااظہار،سماعت 21 مارچ تک ملتوی

ہفتہ 7 مارچ 2015 15:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کراچی نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں تفتیشی افسرکی تضاد بیانی پر شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کر دی ، مقدمے کے ایک ہزار 23 گواہوں کی فہرست کی نقول وکلا کو فراہم کر دی گئی ، تفتیشی افسر نے معافی نامہ عدالت میں جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نوشابہ قاضی کی عدالت میں سانحہ بدلیہ ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہوکر معافی نامہ جمع کرایا۔ فیکٹری مالکان عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے کہا کہ فیکٹری مالکان آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے اور میڈیکل سرٹیفیکٹ جمع نہ کرایا تو ان کی حاضری سے استسثنیٰ کی درخواست کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت میں مقدمے کے ایک ہزار 23 گواہوں کی فہرست پیش کی جس کی نقول وکلا کو فراہم کر دی گئیں۔

تفتیشی افسر نے پہلے 950 گواہوں کے نام بتائے تھے پھر770 بتائے۔ اس کے بعد ایک ہزار 43 بتائے لیکن لسٹ ایک ہزار 23 کی گواہوں کی لسٹ پیش کی۔ عدالت کا تفتیشی افسر کی تضاد بیانی پر شدید برہمی کااظہار کیا اور انہیں متنبہ کیا کہ قانون پڑھ کر عدالت آئیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کر دی اور وکلا سے کہا کہ اس بار لمبی تاریخ دے رہی ہوں ، آئندہ ایک ہفتے سے زائد وقت نہیں دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :