ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی اغواء کے مقدمے میں دوبارہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے،سماعت 13 مارچ تک ملتوی

میرے موکل کو بغیر ٹرائل کے جیل میں رکھنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، راجہ رضوان عباسی

ہفتہ 7 مارچ 2015 14:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی تھانہ گولڑہ میں درج انور خان اغواء کے مقدمے میں دوبارہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ گذشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں ملزم کی جانب سے وکیل راجہ رضوان عباسی پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گذشتہ سماعت میں ذکی الرحمن لکھوی کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا لیکن جیل حکام ملزم کو پیش نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ میرے موکل کو بغیر ٹرائل کے جیل میں رکھنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا ٹرائل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جیل حکام کی طرف سے خط میں لکھا گیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی بناء پر ذکی الرحمن لکھوی کو عدالت میں پیش نہیں کرسکتے۔ ملزم اور عدالت کو سکیورٹی فراہم کرنا پولیس اور سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :