وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر فیصل آباد کے دوسرکلز کی 52سب ڈویژنوں کو موبائل ریڈنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل 688موبائل فون مہیا کر دیئے گئے

ہفتہ 7 مارچ 2015 14:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) وزیر اعظم میاں نوازشریف کی خصوصی ہدایات پر فیصل آباد کے دوسرکلز کی 52سب ڈویژنوں کو موبائل ریڈنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل 688موبائل فون مہیا کر دیئے گئے ہیں اب فیصل آباد، چک جھمرہ، جڑانوالہ ، چنیوٹ اور سمندری کے صارفین کو موبائل ریڈنگ کے حامل بل ملا کریں گے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب میں سپرنٹنڈنگ انجنئیر فرسٹ سرکل مجاہد پرویز چٹھہ اور ایس ای سیکنڈ سرکل چوہدری محمد یعقوب کو موبائل فون سیٹ دئیے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریجن بھر کے میٹر ریڈروں کو موبائل فون ریڈنگ کے متعلق ٹریننگ کروادی گئی ہے اب میٹرریڈرموبائل فونز کی مدد سے میٹر ریڈز صارفین کی مینویل (Manual) میٹرریڈنگ کے ساتھ ساتھ اس کی موبائل سے تصاویر بھی بنائیں گے اور ان کو بلوں پر پرنٹ کرکے صارفین کو بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سے صارفین کی اووربلنگ ، غلط اور فرضی ریڈنگ کی شکایات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ فیسکو پاکستان کے پاور سیکٹر کی ان چند کمپنیوں میں سے ہے جو سال 2014کے اوآخر سے موبائل ریڈنگ کا آغاز کر چکی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ویژن کی روشنی میں اس جدید ٹیکنالوجی کے حامل پراجیکٹ کو پورے فیسکو ریجن تک پھیلایا جائے گا اور آئندہ چند ماہ میں فیسکو کے تمام 33لاکھ سے زائد صارفین کو موبائل ریڈنگ کے بل بھجوائے جائیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ فیسکو کے ریڈنگ سیکشن کی کارکردگی بھی بہتر ہو گی۔ اب میٹر ریڈرز گھر بیٹھے فرضی ریڈنگ والے بل صارفین کو نہیں بھجوا سکیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ فیسکو انتظامیہ اپنے صارفین کو بجلی فراہمی کی بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ فیسکو گذشتہ کئی سالوں سے کمبائنڈ ایفیشنسی انڈکس پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔

انھوں نے فیسکو افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اس پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے مزید محنت کریں صارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنالیں کیونکہ ایک مطمئن صارف ہی کمپنی کی بہترین کارکردگی کا عکاس ہے ۔ کام چور اور نااہل عناصر اپنا قبلہ درست کر لیں ان کی کمپنی میں کوئی جگہ نہیں۔تقریب میں چیف انجنئیر کسٹمر سروسز ہارون الرشید،منیجر کمرشل عبدالقیوم،ڈی جی آئی ٹی عزیز احمد اور فرسٹ وسیکنڈ سرکل کے ایکسئین حضرات اور ڈی سی ایم نے شرکت کی۔