حیدرآباد ریجن میں غیر رجسٹرڈ پانچ سو مدرسوں کو بند کرا دیا گیا

ہفتہ 7 مارچ 2015 13:05

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء)حیدرآباد پولیس رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ثنا اللہ عباسی نے کہا ہے کہ حیدرآباد ریجن میں غیر رجسٹرڈ پانچ سو مدرسوں کو بند کرا دیاگیا ہے۔ڈی آئی جی حیدر آبادکے مطابق غیر رجسٹرڈ مدرسوں کے خلاف کارروائی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس نے جو کچھ کیا ہے وہ آج کے دور میں اتنا آسان نہیں۔

ڈی آئی جی نے کہاکہ مدارس کو ملنے والے فنڈز کا کبھی بھی آڈٹ نہیں ہوا ہے تاہم ان سے کہا گیا کہ وہ اپنی آمدنی کے آڈٹ شدہ گوشوارے جمع کرائیں۔انھوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کا قانون پہلے سے موجود ہے مگر اس قانون پر عملدرآمد اب ہو رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مساجد کی رجسٹریشن پر مدارس قائم کرلیے گئے ہیں ایسے بھی مدارس سامنے آئے ہیں جنہوں نے رجسٹریشن ایک ضلع میں کرائی ہے جب کہ وہ کسی اور ضلع میں تعمیر کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بند کئے گئے مدارس میں ڈی آئی جی کے مطابق اہل سنت والجماعت کے زیرانتظام کام کرنے والے مدارس بھی شامل ہیں۔ 16 دسمبر سے پانچ مارچ تک کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی آئی جی نے بتایا کہ پولیس نے بیالیس ایسی مساجد کے خلاف بھی کارروائی کی ہے جو اہل سنت والجماعت سے تعلق رکھتی ہیں نفرت انگیز تقاریر کرنے پر پولیس نے بعض مقامات پر گرفتاریاں بھی کیں تھیں ۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ اکثر مقامات سے ایسی تقاریر کرنے والے مقررین غائب ہوگئے ہیں۔