18ویں ترمیم گلگت بلتستان پر نافذالعمل نہیں، مستقبل میں اس کو نافذ کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے خطرناک قیدیوں کے فرار سے ملک کی سخت بدنامی ہوئی ہے، اس کے ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے، جس آرڈر کے تحت قمر زمان کائرہ کو گورنر بنایا گیا ، اسی کے تحت مجھے گورنر بنایا گیا ، پیپلزپارٹی کی حکومت اور گورنر نے پانچ سالوں میں سوائے کرپشن کے کچھ نہیں کیا ، گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات چیف الیکشن کمشنر اور نگران حکومت نے کرانے ہیں، میں انتخابات میں مداخلت نہیں کروں گا، غیر جانبدار بن کر اپنی ذمہ داریاں ادا کروں گا، کسی سیاسی جلسے میں شرکت نہیں کروں گا،گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کی دورہ گلگت کے دوران گورنر ہاؤس میں پرہجوم پریس کانفرنس

جمعہ 6 مارچ 2015 19:37

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم گلگت بلتستان پر نافذالعمل نہیں، مستقبل میں اس کو نافذ کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے خطرناک قیدیوں کے فرار سے ملک کی سخت بدنامی ہوئی ہے، اس کے ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے، جس آرڈر کے تحت قمر زمان کائرہ کو گورنر بنایا گیا ، اسی کے تحت مجھے گورنر بنایا گیا ، پیپلزپارٹی کی حکومت اور گورنر نے پانچ سالوں میں سوائے کرپشن کے کچھ نہیں کیا ، گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات چیف الیکشن کمشنر اور نگران حکومت نے کرانے ہیں، میں انتخابات میں مداخلت نہیں کروں گا، غیر جانبدار بن کر اپنی ذمہ داریاں ادا کروں گا، کسی سیاسی جلسے میں شرکت نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

وہ اپنے دورہ گلگت کے دوران جمعہ کی شام گورنر ہاؤس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 18ویں ترمیم نافذ العمل نہیں ہے، جی بی کونسل اور قانون ساز اسمبلی نے کبھی اس ترمیم کے نفاذ کیلئے مطالبہ بھی نہیں کیا ہے تاہم مستقبل میں 18ویں ترمیم گلگت بلتستان میں نافذ کر دی جائے گی اور کونسل سے منظوری لی جائے گی، میرے گورنر بننے پر اعتراضات کرنے والے پہلے سلف گورننس آرڈر کو اچھی طرح پڑھ لیں، اس آرڈر کے تحت قمر زمان کائرہ کو گورنر بنایا گیا تھا، اب اس کے تحت مجھے میرے قائد نواز شریف نے یہ ذمہ داری دی ہے، لہٰذا مقامی اور غیر مقامی کے نام پر نفرت پھیلانے اور عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کی جائے، گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں۔

برجیس طاہر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھایا ہے، میں جی بی کا گورنر نہیں بلکہ خادم بن کر کام کروں گا، نہ تنخواہ لوں گا نہ پروٹوکول لیا جائے گا، دو کمروں پر مشتمل دفتر میں رہ کر اس خطے میں وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے کورم کی خدمت کروں گا،الزامات کی سیاست نہ کی جائے، پاکستان پیپلز پارٹی نے 5سالوں میں کرپشن کی، ملازمتیں فروخت کیں، سابق گورنر نے اپنے گھر کو دفتر بنا کر بھاری کرایہ وصول کیا اور اب لاکھوں کا فرنیچر اپنے پاس رکھا ہوا ہے، جو واپس لیا جائے گا۔

پی پی پی کے گورنر کو پونے دو سال تک برداشت کرتے ہیں۔گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات چیف الیکشن کمشنر اور نگران حکومت نے کرانے ہیں، میں انتخابات میں مداخلت نہیں کروں گا، غیر جانبدار بن کر اپنی ذمہ داریاں ادا کروں گا، کسی سیاسی جلسے میں شرکت نہیں کروں گا، وزیر اعظم نواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اس خطے کا معاشی مستقبل روشن ہے۔

گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ دیامر ڈیم کیلئے ایکنک نے 101ارب روپے کی منظوری دے دی ہے، اس طرح دیگر اہم منصوبوں کا بھی جلد آغاز ہونے جا رہا ہے، گلگت بلتستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنایا جائے گا۔ برجیس طاہر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے قیدیوں کے فرار کا واقعہ افسوسناک ہے، اس واقعہ سے پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہوئی ہے، اس میں ملوث اہلکاروں کو تحقیقات کے بعد سزا دی جائے گی اور ان 2سپاہیوں کو خصوصی ایوارڈ دیا جائے گا جنہوں نے ایک ملزم کو مارا اور دوسرے کو زخمی کیا ہے، وزیر اعظم نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔