Live Updates

حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کا وعدہ پورا کرے تاکہ پی ٹی آئی اسمبلیوں میں واپس آئے ،ملک سے استحصالی نظام اور اسٹیٹس کو کے خاتمہ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی پشاور میں پروفیسر محمد ابراہیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 مارچ 2015 17:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کا وعدہ پورا کرے اور پی ٹی آئی اسمبلیوں میں واپس آئے ،ملک سے استحصالی نظام اور اسٹیٹس کو کے خاتمہ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔جماعت اسلامی ملک سے اسٹیٹس کو کے خاتمہ کیلئے 5اپریل سے ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کرے گی ۔

سینیٹ انتخابات میں ممبران اسمبلی نے جانوروں کی طرح خرید وفروخت اور پیسوں کی سیاست کو دفن کردیا ہے ،سینیٹ انتخابات میں دولت کے عمل دخل کادروازہ بند کرنے کیلئے جنرل انتخابات کی طرز پر عوام کو براہ راست سینیٹرز کے انتخاب کا موقع ملنا چاہئے ۔ مرکزی حکومت بجلی کی مد میں خیبر پختونخواہ کے 375بلین کی رقم صوبے کو ادا کرے ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے ۔

بیوروکریسی اپنے مفادات کیلئے کاشغر گوادر اکنامک کوریڈور کا روٹ تبدیل کرنا چاہتی ہے جو کالا باغ ڈیم کی طرح قومی ترقی و خوشحالی کے اس بڑے منصوبہ کو متنازع بنانے کی سازش ہے ،چین نے عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کے روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے ۔ وہ مرکزاسلامی پشاور میں نماز جمعہ کے بعد امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ پروفیسر محمد ابراہیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو اس کے اساسی نظریہ پر قائم رکھنے اور چلانے کیلئے ضروری ہے کہ ملک پر مسلط استحصالی قوتوں کا راستہ روکا جائے اور اس کیلئے جمہوریت پسند قوتیں متحد ہوجائیں ۔عوام کو پریشانی اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی ہر محاذ پر لڑے گی ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی قوت سے اس ظالمانہ نظام کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتی ہے ،انہوں نے کہا کہ 5اپریل سے شروع ہونے والی رابطہ عوام مہم کوملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں تک پھیلائیں گے اور اسٹیٹس کو کے خلاف عوام کو جدوجہد کیلئے تیار کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کاشغرسے گوادر اکنامک کوریڈور میں کسی قسم کی تبدیلی کے خلاف ہیں ،ماضی میں اس طرح کے تجربات سے ملک کو سخت نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور قومی ترقی کے کئی منصوبے تنازعات کی نذر ہوئے۔انہوں نے مرکزی حکومت کو متنبہ کیا کہ چائنا گوادر روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے اور حکومت اس منصوبے کے متعلق شکوک و شبہات کو فوری ختم کرے ،سراج الحق نے کہا کہ حکومت 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لینے کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی کمٹمنٹ کو پورا کرے اور اس میں تاخیری حربوں اور لیت و لعل سے کام نہ لے تاکہ سیاسی ماحول میں موجود تلخیوں کا خاتمہ ہو ،انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی نے سیاسی جرگہ کی تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی تھی ،اب حکومت کو بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے ایک قدم آگے بڑھ کراس ایشو کو حل کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات میں بہتری لانے کیلئے کسی ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ،انتخابی اصلاحات کمیٹی نے اب تک کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا جس کی وجہ سے سینیٹ کے انتخابات میں بھی بریف کیسوں کی سیاست والوں نے اپنا کھیل کھیلنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ممبران کی خرید و فروخت کا خوف اور خطرہ بے جا نہیں تھا ،ممبران اسمبلی کے اخباری بیانات باقاعدہ ریکارڈ پر ہیں کہ انہیں خرید نے کی کوششیں کی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیسے کی بنیاد پر سینیٹ اور قومی اسمبلی میں جانے والا ملک و قوم کیلئے نہیں اپنے مفادات کیلئے کام کرے گا۔موجودہ جمہوری کلچر نے استحصال اور ظلم کی راہیں کھولی ہیں سراج الحق نے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ خیبر پختونخواہ کے عوام کا حق مارنے والوں کے گریبان پکڑ یں گے اور کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ صوبے کے وسائل کو غصب کرے ۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذمہ صوبہ کے 375بلین کے واجبات واجب الادا ہیں ،انہوں نے کہا کہ میری وزارت خزانہ کے دور میں تشکیل دی گئی ثالثی کمیٹی نے وفاقی حکومت کو پابند کیا تھا کہ وہ پہلی قسط کے طور پر صوبے کو فوری طور پر 110بلین ادا کرے اور بقیہ رقم بھی دو برابر اقساط میں ادا کرنے کا بندوبست کیا اور شیڈول دیا جائے مگر اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اپنے ذمے صوبہ خیبر پختونخواہ کی واجب الادا رقم فوری ادا کرے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات