دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی ملکی مفاد میں ہے ، پاکستان کو دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے حکمرانوں کی نیت کو ٹھیک کرنا ضروری ہے

مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کویت روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 مارچ 2015 17:03

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاہے کہ پاکستان کو دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے حکمرانوں کی نیت کو ٹھیک کرنا ضروری ہے ‘دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی کارروائیاں ملکی مفاد میں ہیں جنہیں پوری قوم سپورٹ کر رہی ہے ۔وہ کویت روانگی سے قبل ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرر ہے تھے ۔

اس موقع پر (ق)لیگ کے چودھری عثمان اصغر‘ثقلین عباس، عوامی تحریک کے حنیف قریشی اور مجلس وحد ت المسلمین کے سید شہبازشیرازی اور سید عرفان کاظمی بھی موجود تھے ۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ پاکستان میں جب بھی ایماندار حکمران اقتدار میں آئیں گے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں جتنے وسائل ہیں ہم ملک کو نہ صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی ، بے روزگاری اوردیگر مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں بلکہ ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیاجاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ قیام پاکستان کے بعد جو بھی جماعتیں اقتدار میں آئیں وہ ملک و قوم کا سوچنے کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف رہیں اور ان کی لوٹ مار اورکرپشن نے ملک کو معاشی طو رپر بدترین بحران کا شکار کر رکھا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کا بوجھ بھی ملک کے غریب اور عام آدمی پر پڑ رہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب آپریشن سمیت پاک افواج کی دہشت گردوں کے خلاف تمام کارروائیوں کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں مگر دہشت گردی کے خاتمے میں حکمران ابھی بھی مکمل سنجیدہ نظر نہیں آتے۔

متعلقہ عنوان :