کراچی میں سارے حکومتی نظام مفلوج ہوچکے ہیں،عتیق میر

جمعہ 6 مارچ 2015 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے شہر میں بدامنی اور بدانتظامی کی بدترین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سارے حکومتی نظام مفلوج ہوچکے ہیں،حکومتِ سندھ کے ماتحت کوئی بھی ادارہ اپنے سربراہ کے دباؤ میں نہیں رہا، عملے کی من مانیاں بے لگام افسران مادر پدر آزاد ہوگئے، وزیرِاعلی،وزراء، کمشنر، ایڈمنسٹریٹر، آئی جی اور دیگر سربراہان صرف بیانان سے کام چلارہے ہیں، سرکاری اجلاسوں میں کیئے گئے فیصلوں کی زندگی اجلاسوں کی برخاستگی سے زیادہ نہیں ہوتی، انھوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی غفلتوں نے کراچی کی ترقی پر جھاڑو پھیردی ہے، اب سڑکوں پر جھاڑو لگاکر کیا ثابت کیا جا رہا ہے، انھوں آرمی چیف اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے مختلف مسائل کے حل کیلئے اب ضروری ہے کہ فوج اور رینجرز کارکردگی میں بہتری کیلئے صوبائی اداروں پر دباؤ بڑھائیں تاکہ شہر کے مسائل حل ہوسکیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج رینجرز 62ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر خان اور تاجروں کے ہمراہ علاقے کی مختلف مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر کیا، ان کے ہمراہ میجر عنایت اللہ درّانی، DSRکیپٹن عباس، تاجر نمائیندگان محمد آصف، طارق ممتاز،زبیر علی خان، ندیم احمد، میر عبدالحئی، جنت گُل، طیب علی، سید علاؤلدین، سید شرافت علی، امین ٹی، عبدالقادر، شاہد شمسی،محمد فرید اور دیگر نے بھی مارکیٹوں کا دورہ اور مسائل سے آگاہ کیا، عتیق میر نے کہا کہ تجاوزات، تحفظات ، بے قاعدہ پارکنگ اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث شہر کی 60فیصد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، انھوں نے وزیرِاعلیٰ ہاؤس کی بیرون شہر فوری منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا سب سے بڑا حکومتی ایوان اپنی نااہلی اور بدعنوانی کے باعث مرکزِ احتجاج بن گیا ہے جہاں ہر دوسرے دن دھرنوں، ریلیوں اور جلوسوں کا راستہ روکنے کیلئے حفاظتی طور پر رکاوٹیں کھڑی کردی جاتی ہیں جس سے ٹریفک کی آمد و رفت بند اور عوام کو شدید مشکلات اور دشواریوں کا سامنا ہے، اس موقع پر ونگ کمانڈر شاہد امیر خان نے تاجروں کو یقین دلایا کہ وہ اپنے علاقے کی مسائل سے متاثرہ تمام مارکیٹوں کا دورہ کرکے تاجر برادری کی شکایات معلوم کرینگے اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرینگے، انھوں نے صدر ٹاؤن اور سٹی ٹاؤن کی مارکیٹوں میں جرائم کی روک تھام کیلئے ریپڈ فورس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فون نمبرز 99213052اور0315-8726235پر کسی بھی واردات کی اطلاع پر وائرلیس کے زریعے پیٹرولنگ پر مامور سپاہی فوری مدد کیلئے پہنچ جائینگے، انھوں نے کہا کہ ٹریفک، پارکنگ، پتھارے اور دیگر انتظامی مسائل کے تحت بھی تمام سرکاری اداروں کی مدد اور معانت کرینگے اور ان کے جائز کاموں اور کارروائیوں میں رکاوٹ بننے اور مزاحمت کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور کارروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :