الخدمت فاؤنڈیشن کے پہلے سولر انرجی واٹر پراجیکٹ نے کام شروع کردیا

جمعہ 6 مارچ 2015 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی ہدایت پر تھر میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت سولر انرجی واٹر پراجیکٹ نے پہلے مرحلے میں گزشتہ روز مٹھی میں باقاعدہ کام شروع کردیا۔ ضلع تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں بھی منصوبے پر کام جاری ہے اور وہاں یہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا۔ منصوبہ شمسی توانائی سے کام کرے گا جس سے نہ صرف بجلی کی بچت ہوگی بلکہ مٹھی اور اس کے نواحی علاقوں کے مکینوں کی بڑی تعداد کو اس سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔

اس موقع پر نعمت اللہ خان نے کہا کہ تھر میں پانی کی شدید قلت ہے یہی وجہ ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس مسئلے سے نمٹنے اور پانی جیسی نعمت ان تک پہنچانے کا بندوبست کیا ہے۔ الخدمت کے تحت 1500 سے زائد پانی کے منصوبے کام کررہے ہیں جبکہ دیگر منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کوہدایت کہ منصوبے کی دیکھ بھال کی جائے اور اس کے ذریعے لوگوں کو پانی کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔پراجیکٹ کے آغاز پر اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اعجازاللہ خان نے کہا ہے کہ منصوبے کے لیے مزیدکئی مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت تمام موٹریں سولر پینلز کے ذریعے چلیں گی اور ان کے ذریعے وافر مقدار میں لوگوں کو پانی کی سہولت میسر آئے گی۔