کوئٹہ ‘سکیورٹی فورسز نے تخریب کاری میں استعمال کیا جانے والا بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا

جمعہ 6 مارچ 2015 15:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری میں استعمال کیا جانے والا بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہزار گنجی اور نیوکاہان کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 48 مارٹر گولے، دستی بم اور سیکڑوں راوٴنڈ برآمد کرلئے۔

صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے میڈیا کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرتے ہوئے صوبے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی اور نیوکاہان سمیت چمن میں 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران فورسز نے ممکنہ طور پر تخریب کاری میں استعمال کیا جانے والا دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ کالعدم تنظیم کے شرپسند کوئٹہ اور گردونواح میں 23 مارچ کو بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے ۔ ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈئیر طاہر محمود نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کے بعد طالبان کی بڑی تعداد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پہنچ گئی بریگیڈئیر طاہر محمود نے بتایا کہ فرنٹئیر کور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔