نومنتخب سینٹرز ایوان بالا میں ملک کی ترقی کے لئے مثبت قانون سازی کریں گے۔ شاہ محمدوزیر

جمعہ 6 مارچ 2015 15:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاو ن خصوصی برائے ٹرانسپورٹ،ماس ٹرانزٹ وٹیکنیکل ایجوکیشن ملک شاہ محمدخان وزیرنے نئے نومنتخب سینٹرزکومبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ نئے سینٹرزایوان بالا میں جمہوریت کے استحکام اور ملکی ترقی کے لئے مثبت قانون سازی میں اپنا فعال کردار اداکریں گے۔انہوں نے واضح کیاکہ فتح سچ کی ہوئی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے اپنے نامزدکردہ امیدواروں کوکامیاب کراکرمخالفین کے ہارس ٹریڈنگ کے جھوٹے دعوؤں اورالزامات کوغلط ثابت کر دیا۔

جمعہ کے روز یہاں پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے معاون خصوصی نے عزم ظاہرکیاکہ پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب سینٹرزایوان بالامیں اپنی پارٹی کے منشور اورمرکزی چیئرمین عمران خان کی مثبت سیاسی سوچ کے مطابق جمہوری اقدار کے فروغ اورملک سے کرپشن واقرباپروری کے کلچرکوختم کرنے میں اپنا کردار احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے پیسے کے زور سے ایوانوں میں پہنچنے والوں کی حوصلہ شکنی کرکے اہل،ایماندار اوردیانتدار لوگوں کو ایوان بالامیں قانو ن سازی کیلئے منتخب کیا جوقابل ستائش امر ہے۔