پاکستانی ٹیم کو قابو کرنا آسان نہیں ہوگا،ڈیل سٹین

جمعہ 6 مارچ 2015 11:36

پاکستانی ٹیم کو قابو کرنا آسان نہیں ہوگا،ڈیل سٹین

جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کسی طور بھی نظرانداز کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور وہ اس سے ایک سخت مقابلے کی توقع رکھے ہوئے ہیں۔ایک انٹرویو میں ڈیل سٹین نے کہا کہ پاکستانی ٹیم جس صورتحال سے دوچار ہے اس میں اپنے اگلے دونوں میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہوگی اور ایسا نہیں ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کے لیے پاکستانی ٹیم کو قابو کرنا آسان ہوگا۔

سٹین جو اس عالمی کپ میں چار میچوں میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کر سکے ہیں کہتے ہیں کہ انہوں نے بری بولنگ نہیں کی ہے لیکن زمبابوے کے خلاف بولنگ کے بنیادی اصولوں پر عمل نہ کر کے صرف اور صرف تیز رفتاری سے بولنگ کی کوشش کی حالانکہ وکٹ سلو تھی تاہم اس کے بعد ان کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آتی گئی۔

(جاری ہے)

انہیں یقیناً ہر میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے خوشی ہوتی ہے وہ یہ بھی چاہتے تھے کہ اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہوں لیکن ایسا نہیں ہوسکا ہے۔

ڈیل سٹین سے جب پوچھا گیا کہ اے بی ڈی ویلیئرز چھوٹی باوٴنڈری والے اس میدان میں کیا غضب ڈھائیں گے تو انہوں نے کہا کہ بڑا بولر یہ نہیں دیکھتا کہ باوٴنڈری چھوٹی ہے یا بڑی اسی طرح بڑا بولر یہ نہیں دیکھتا کہ وکٹ پر گھاس ہے یا سیدھی وکٹ ہے۔ڈیل سٹین نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز بہت ہی زبردست بیٹسمین ہیں جو نیٹ پریکٹس میں بھی آپ کو اپنے گْر اور راز نہیں بتاتے امید ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ اور اس کے بعد بھی ان کی طرف سے شاندار بیٹنگ دیکھنے میں آئے گی۔ڈیل سٹین نے بولنگ کوچز کی حیثیت سے ایلن ڈونلڈ اور وقاریونس کے ساتھ جنوبی افریقہ اور آئی پی ایل میں گزارے گئے وقت کے بارے میں کہا کہ یہ دونوں اپنے دور کے بڑے بولرز رہے ہیں جن کا وسیع تجربہ ان کے بہت کام آیا۔