سابق کرکٹرز کہتے ہیں کہ کچھ الگ سوچوں تو کیا میں عرفان سے اوپننگ کراؤں، مصباح الحق

جمعہ 6 مارچ 2015 11:30

سابق کرکٹرز کہتے ہیں کہ کچھ الگ سوچوں تو کیا میں عرفان سے اوپننگ کراؤں، ..
آکلینڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6مارچ ۔2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز بار بار کہتے ہیں کہ مصباح الگ طرح سے سوچے، ان سے پوچھنا چاہتا ہو ں کہ کیا محمد عرفان سے اوپننگ کروا دوں؟ آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا سے میچ کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں اور نہیں چاہتے کہ میچ بارش کی نذر ہو جائے اور ایک پوائنٹ ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کھلانے کا تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیاہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد عرفان مکمل فٹ ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے، پریکٹس سیشن کے دوران ایڑھی میں چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہونے والے حارث سہیل کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کے میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے بارے میں کچھ کھیلنا قبل از وقت ہو گا۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا ایک اچھی ٹیم ہے اور ان کے پاس بہترین بلے باز موجود ہیں، ڈویلیئرز کو رن بنانے سے روکنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ اسے جلد آؤٹ کر دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری بولنگ مضبوط ہے اور مجھے اس پر مکمل اعتماد ہے، ہم جنوبی افریقا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، نہیں سمجھتا کہ آفریدی کی موجودگی میں یاسر شاہ کو کھلانے کی کوئی ضرورت ہے۔