دہشت گردی کے خلاف یک زبان ہوکر قوم نے دہشت گردوں کی نیندیں اڑا دی ہیں،بلال سلیم قادری

جمعرات 5 مارچ 2015 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5 مارچ۔2015ء) سربراہ سنی تحریک صاحبزادہ بلال سلیم قادری نے قادری ہاؤس پر رابطہ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ذمہ داران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یک زبان ہوکر قوم نے دہشت گردوں کی نیندیں اڑا دی ہیں دہشت گرد اور ان کے حامی قوم کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں انہوں نے کہا کہ قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے اور قومی ایکشن پلان ناکام بنانے کے لیے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے سنی تحریک قومی یکجہتی کی فضا برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کے علماء اہلسنت اور عوام سے رابطوں کو تیز کیا جائے ملک دشمن قوتوں کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھی جائے کوئی مشکوک سرگرمی دیکھیں تو ملکی سلامتی کے اداروں کو فوری آگاہ کیا جائے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت قیام امن کے لیے سنجیدہ ہے تو نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم دہشت گرد فرقہ پرست تنظیموں کی سر گرمیوں کو روکے حکومت کے منافقانہ طرز عمل سے فرقہ پرست دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کے دعوے کرتی نظر آتی ہے اور دوسری جانب اعلیٰ حکام دہشت گردوں کی دھمکیوں سے بلیک میل ہو کر ان سے مذاکرات کرتے نظر آتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے دہشت گردی اور فرقہ پرستی کے ناسور کو ختم کرنا ہے تو حکمرانوں کو مصلحت پسندی ترک کر کے دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے ہونگے۔